[آج کا دن] جب گیری سوبرز نے پاکستان کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیا

کنگسٹن، جمیکا میں کھیلی گئی 365 رنز کی اننگز عرصے تک کسی بھی بیٹسمین کی سب سے بڑی باری رہی

0 1,000

پاکستان 2017ء سے پہلے کبھی ویسٹ انڈیز کو اُس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں دے پایا تھا۔ اس سے تقریباً 60 سال پہلے 1958ء میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کا پہلا دورہ کیا تھا۔ اس دورے کے دو ٹیسٹ میچز آج بھی یادگار ہیں۔ ایک وہ جس میں 'لٹل ماسٹر' حنیف محمد نے تاریخ کی طویل ترین اننگز کھیلی تھی جبکہ دوسرا وہ جس میں عظیم آل راؤنڈر گیری سوبرز نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی تھی۔ سنچری کیا بلکہ ایسی اننگز تھی جو دہائیوں تک دنیائے کرکٹ پر راج کرتی رہی۔ 365 رنز، وہ بھی ناٹ آؤٹ! یہ اننگز آج ہی کے دن یعنی یکم مارچ کو کھیلی گئی تھی۔

یہ کنگسٹن، جمیکا میں کھیلا گیا سیریز کا تیسرا ٹیسٹ تھا جس میں پاکستان پہلی اننگز میں 328 رنز بنا کر مطمئن ہوگا، اس آنے والے خطرے سے بے خبر کہ جس نے ہر چیز کو اپنے ساتھ بہا لے جانا تھا۔ گیری سوبرز کی 614 منٹ یعنی 10 گھنٹے سے بھی زیادہ طویل اننگز، جس کے دوران پاکستان کے دو عظیم باؤلرز فضل محمود اور خان محمد کو لگ بھگ ڈھائی، ڈھائی سو رنز کھانا پڑے۔

اُس وقت سوبرز کی عمر صرف 21 سال تھی اور وہ اپنے کیریئر کے اوائل میں تھے اور جیسا کہ بتا بھی چکے ہیں کہ یہ ان کے کیریئر کی پہلی سنچری تھی، جو پہلے ڈبل اور پھر ٹرپل سنچری میں بدلی اور آخر میں کرکٹ تاریخ کی طویل ترین اننگز کا ریکارڈ قائم کیا۔ ان سے پہلے یہ ریکارڈ انگلینڈ کے لین ہٹن کا تھا جنہوں نے 20 سال پہلے 364 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 790 رنز کے ساتھ ڈکلیئر کی۔ یہ آج بھی کسی ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

سوبرز 36 سال تک تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کے ریکارڈ کے مالک رہے، یہاں تک کہ ویسٹ انڈیز ہی کے برائن لارا نے 375 رنز کی وہ تاریخی اننگز کھیلی، جو آج بھی یاد کی جاتی ہے۔

سوبرز نے ویسٹ انڈیز کے لیے 93 ٹیسٹ میچز کھیلے، 57.78 کے شاندار بیٹنگ ایوریج اور 26 سنچریوں کے ساتھ 8,032 رنز بنائے اور بحیثیت باؤلر 235 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ یہ سب کارنامے انہیں تاریخ کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک بناتے ہیں۔

گیری سوبرز کا انٹرنیشنل کیریئر

میچز رنز بہترین اننگز سنچریاں نصف سنچریاں وکٹیں بہترین باؤلنگ
ٹیسٹ 93 8032 365* 26 30 235 6/73