نیوزی لینڈ ویمنز نے بنگلہ دیش کے پر کاٹ دیے

0 690

یہ ڈنیڈن میں ایک انتہائی خوبصورت دن تھا، جس میں بنگلہ دیش نے سابق عالمی چیمپیئن نیوزی لینڈ کے خلاف اسی کے میدان پر ایک بہترین آغاز لیا لیکن بعد ازاں ثابت ہوا کہ آخر نیوزی لینڈ کیوں دنیا کی بہترین ویمنز ٹیموں میں شمار ہوتا ہے۔

بارش سے متاثرہ مقابلے میں نیوزی لینڈ نے با آسانی 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ لیکن اس سے پہلے بنگلہ دیش نے کافی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کل پاک-بھارت میچ میں پاکستانی بلے بازوں کی مایوس کُن کارکردگی کے مقابلے میں بنگلہ دیش کا آغاز دیکھیں: 14 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 79 رنز، وہ بھی نیوزی لینڈ کے خلاف۔

لیکن یہیں پر باؤلنگ میں چھٹی تبدیلی کر کے ایمی سیٹرٹویٹ کو لایا گیا جنہوں نے آتے ہی بنگلہ دیش کے پر کاٹ دیے۔ کچھ ہی دیر میں انہوں نے تین بلے بازوں کو آؤٹ کر کے تہلکہ مچا دیا۔ بنگلہ دیش کی اننگز لڑکھڑائی اور 23 ویں اوور میں فرغانہ حق کے رن آؤٹ کے ساتھ اس کا ایندھن ختم ہو گیا۔ 27 اوورز تک محدود ہو جانے والے اس مقابلے میں بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 140 رنز ہی بنا پایا۔ جو نیوزی لینڈ کو روکنے کے لیے کافی نہیں تھے۔

اس سے پہلے کہ دوبارہ بارش ہو جاتی، نیوزی لینڈ کے لیے ضروری تھا کہ کم از کم 20 اوورز کھیلے، تاکہ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس طریقے پر ہو سکے۔ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، کیونکہ تجربہ کار سوزی بیٹس اور امیلیا کیر ہی بنگلہ دیشی باؤلرز کے لیے کافی ثابت ہوئیں۔ بیٹس نے 68 گیندوں پر 79 اور امیلیا نے 37 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ دونوں کی دوسری وکٹ پر 108 رنز کی شراکت نیوزی لینڈ کو 20 اوورز میں ہی ہدف تک پہنچا گئی۔

بنگلہ دیش140/8
فرغانہ حق 52 رنز63 گیندیں
شمیم سلطانہ33 رنز36 گیندیں
نیوزی لینڈ باؤلنگامرو
ایمی سیٹرٹویٹ 50253
ہیلی جینسن30181

نیوزی لینڈ 144/1
سوزی بیٹس79 رنز68 گیندیں
امیلیا کیر47 رنز37 گیندیں
بنگلہ دیش باؤلنگامرو
سلمیٰ خاتون40341
فریحہ ترسنا30170

اس دوران سوزی بیٹس نے ورلڈ کپ تاریخ میں اپنے 1،000 رنز بھی مکمل کیے جبکہ بعد میں میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

یہ نیوزی لینڈ کی ویمنز ورلڈ کپ 2022ء میں پہلی کامیابی ہے۔ اپنے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اب سب کی نظریں اگلے مقابلے پر ہیں کہ جہاں پاکستان کا مقابلہ چھ مرتبہ کے عالمی چیمپیئن آسٹریلیا سے ہوگا۔ بھارت کے خلاف اپنے پہلے مقابلے میں مایوس کُن شکست کے بعد اب پاکستان کے لیے یہ میچ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ لیکن سامنا آسٹریلیا سے ہے جو نہ صرف فیورٹ ہے بلکہ مسلسل چار میچز جیت کر ورلڈ کپ تک آیا ہے، اور یہاں بھی پہلے مقابلے میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو شکست دی ہے۔