بنگلہ دیش نے نئی تاریخ رقم کر دی

0 637

بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 9 وکٹوں کی فتح کے ساتھ نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ پہلی بار جنوبی افریقہ میں کوئی ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں تسکین احمد نے باؤلر کی حیثیت سے اور کپتان تمیم اقبال نے ہدف کے تعاقب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یوں 23 مارچ کو بنگلہ دیشی کرکٹ کے لیے ایک یادگار دن بنا دیا حالانکہ یہی وہ دن ہے جب اس نے 6 سال پہلے بنگلور میں اپنے پیروں پر خود کلہاڑی ماری تھی۔

بہرحال، سنچورین میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا لیکن 46 اوورز کی اوپننگ پارٹنرشپ کے سوا کوئی چیز اُن کے حق میں نہیں گئی۔‏13 ویں اوور میں 66 رنز پر کائل ورائنا کی وکٹ کیا گری کہ گویا سیلاب کے آگے بند ٹوٹ گیا۔

کچھ ہی دیر میں یانیمن ملان، کپتان تمبا باووما اور رسی وان ڈیر ڈوسن سب میدان سے واپس آ چکے تھے۔ ڈیوڈ ملر جو آخری امید تھے، وہ تسکین کا تیسرا شکار بن گئے جنہوں نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کر کے جنوبی افریقہ کی ایک قابلِ ذکر مجموعے تک پہنچنے کی تمام تر امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

جنوبی افریقہ اپنی اننگز میں صرف 37 اوورز ہی کھیل پایا جس میں وہ محض 154 رنز بنا پایا۔ یہ بنگلہ دیش کے خلاف جنوبی افریقی ون ڈے تاریخ کا سب سے کم ٹوٹل تھا۔

انفرادی طور پر دیکھیں تو ملان کے 39 رنز کے بعد کیشَو مہاراج 28 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہے جبکہ باقی کسی بلے باز کی اننگز 20 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائی۔

بنگلہ دیش کا دورۂ جنوبی افریقہ 2022ء- تیسرا ون ڈے

جنوبی افریقہ بمقابلہ بنگلہ دیش

نتیجہ: بنگلہ دیش 9 وکٹوں سے جیت گیا

جنوبی افریقہ154
یانیمن ملان3956
کیشَو مہاراج2839
بنگلہ دیش باؤلنگامرو
تسکین احمد90355
شکیب الحسن90242

بنگلہ دیش 🏆156-1
تمیم اقبال87*82
لٹن داس4857
جنوبی افریقہ باؤلنگامرو
کیشَو مہاراج70361
لنگی این گیڈی50240

تسکین نے تو آج کمال ہی کر دیا۔ صرف 35 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا کہ جن میں ورائنا، ملان، پریٹوریئس، ملر اور رباڈا کی وکٹیں شامل تھیں۔ دو کھلاڑیوں شکیب الحسن کے ہتھے چڑھے جبکہ ایک، ایک وکٹ شریف الاسلام اور مہدی حسن نے حاصل کی۔

باؤلنگ کے اس شاندار مظاہرے کے بعد بنگلہ دیش کا اعتماد آسمان کو چھونے لگا اور اس کی جھلک ہدف کے تعاقب میں واضح نظر آئی۔ اوپنرز تمیم اقبال اور لٹن داس نے 127 رنز کی شاندار ساجھے داری کی اور 21 ویں اوور تک جنوبی افریقہ کے تمام باؤلر ایک وکٹ کے لیے بھی ترستے رہے۔ انہیں دن کی واحد کامیابی کیشَو مہاراج نے دلائی جنہوں نے 48 رنز بنانے والے لٹن داس کو آؤٹ کیا۔ لیکن اس کے بعد تمیم اور شکیب نے جنوبی افریقہ کو کوئی موقع نہیں دیا۔ دونوں نے 27 ویں اوور ہی میں بنگلہ دیش کو ہدف تک پہنچا دیا۔ تمیم 87 رنز کے ساتھ ناقابل شکست میدان سے واپس آئے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے 20 سال پہلے جنوبی افریقہ کا پہلا دورہ کیا تھا اور تب سے لے کر آج تک جنوبی افریقی سرزمین پر کبھی کوئی ون ڈے سیریز نہیں جیت پایا تھا۔

اب دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، جن کا آغاز 31 مارچ سے ہوگا۔