[آج کا دن] کانپور میں لالا کی طوفانی سنچری

0 1,006

شاہد آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی ہی اننگز سے تہلکہ مچا دیا تھا۔ 37 گیندوں پر تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی اور سالوں تک کوئی بلے باز اس ریکارڈ کے قریب بھی نہیں پہنچ پایا۔ لیکن افسوس کی بات یہ تھی کہ یہ اننگز بہت کم لوگوں نے دیکھی تھی۔

کینیا کرکٹ کے 100 سال مکمل ہونے پر کھیلا گیا یہ چار ملکی ٹورنامنٹ پاکستان میں براہِ راست نشر نہیں ہوا تھا۔ اگلے روز اخبارات میں تیز ترین سنچری کی خبر چھپنے سے پتہ چلا کہ گزشتہ روز نیروبی میں یہ کارنامہ ہو چکا ہے۔

‏'لالا' نے اپنی دوسری ون ڈے سنچری ستمبر 1998ء میں بھارت کے خلاف ٹورنٹو میں اور تیسری 2002ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف شارجہ میں بنائی لیکن یہ دونوں 90 سے زیادہ گیندوں پر بننے والی سنچریاں تھیں، یعنی ویسی طوفانی اننگز نہیں تھیں، جس کے لیے شاہد آفریدی مشہور تھے۔

پھر 2005ء میں آج ہی کا دن یعنی 15 اپریل آیا جب ہم نے شاہد آفریدی کو اس موڈ میں دیکھا، تیز ترین سنچری بنانے والا موڈ۔ بھارت کے خلاف، بھارت میں اور 'لالا' کو اس طرح بلے بازی کرتے دیکھنا، زندگی میں اور کیا چاہیے؟

یہ پاکستان کے دورۂ بھارت کا پانچواں ون ڈے تھا۔ بھارت نے ابتدائی دو میچز میں کامیابی حاصل کی تھی اور پاکستان جواب میں اگلے دونوں مقابلے جیت کر سیریز کو برابری کی سطح پر لے آیا تھا۔ اب چھ مقابلوں کی سیریز کا پانچواں اور اہم ترین مقابلہ کانپور میں تھا جہاں پاکستان 250 رنز کے تعاقب میں تھا۔

پاکستان کا دورۂ بھارت 2005ء - پانچواں ون ڈے

بھارت بمقابلہ پاکستان

نتیجہ: پاکستان 5 وکٹوں سے جیت گیا

بھارت249-6
راہول ڈریوڈ86115
محمد کیف7888
پاکستان باؤلنگامرو
رانا نوید الحسن102353
عبد الرزاق101512
پاکستان 🏆252-5
شاہد آفریدی10246
یونس خان2420
بھارت باؤلنگامرو
انیل کمبلے101542
وریندر سہواگ2041

سلمان بٹ کے ساتھ شاہد آفریدی بحیثیتِ اوپنر میدان میں آئے اور پھر ویسی بیٹنگ دیکھنے کو ملی جس کا موقع کرکٹ میں بہت کم ملتا ہے۔

شاہد آفریدی نے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر بالاجی کو ایک کرارا چھکا لگایا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اس اوور میں دو چھکوں اور دو چوکوں کے ساتھ 23 رنز لوٹنے کے بعد شاہد آفریدی نے دوسرے باؤلرز کا رخ کیا۔ انیل کمبلے کو جلد باؤلنگ کے لیے اتارا گیا تو آتے ہی تین چھکوں اور ایک چوکے کے ساتھ ان کا 'سواگت' بھی کیا ۔

کچھ ہی دیر میں شاہد آفریدی چوکے کے ذریعے اپنی نصف سنچری تک پہنچ چکے تھے، وہ بھی صرف 20 گیندوں پر پانچ چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے۔ اب میدان میں بھی تالیاں گونجنے لگیں کیونکہ سب جانتے تھے کہ ایسی اننگز بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں۔

یہاں بھارتی باؤلر سمجھ رہے تھے کہ نصف سنچری کا سنگِ میل عبور ہونے کے بعد اب شاہد آفریدی جلد آؤٹ ہو جائیں گے، جیسا کہ ہوتے رہتے ہیں۔ لیکن ابھی تو پارٹی شروع ہوئی تھی۔

نصف سنچری بناتے ہی لالا نے ظہیر خان کو ایک خوبصورت پُل شاٹ پر چھکا رسید کیا، جو ان کے ون ڈے کیریئر کا 200 واں چھکا تھا۔

پاکستان کا اسکور 10 ویں اوور ہی میں 93 رنز کو چھو رہا تھا۔ پھر اسپنر دنیش مونگیا کا ایک دلچسپ اوور آیا۔ لالا نے انہیں ایک چوکے کے علاوہ آگے بڑھ کر دو چھکے بھی رسید کیے اور پھر انہیں ایک نئی زندگی بھی ملی۔ ان کا ایک شاٹ یووراج سنگھ کے کیچ میں بدل گیا لیکن وہ گیند نو بال قرار پائی۔

بہرحال، کچھ ہی دیر بعد شاہد آفریدی نے ہربھجن سنگھ کو چوکا لگا کر اپنی چوتھی ون ڈے سنچری مکمل کر لی۔

یہ اُس وقت ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی دوسری تیز ترین سنچری تھی، صرف 45 گیندوں پر 10 چوکوں اور 9 چھکوں سے سجی اس اننگز کو تماشائیوں نے بھی خوب سراہا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے بعد شاہد آفریدی نے اپنی اننگز میں پہلی بار کسی گیند کو دفاعی انداز سے کھیلا، اور اسی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان نے بعد میں یہ میچ با آسانی 5 وکٹوں سے جیتا اور یوں سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ یہی نہیں بلکہ چھٹے ون ڈے میں بھی کامیابی سمیٹ کر سیریز ‏4-2 سے جیت لی۔

یہ آج بھی بھارت کے خلاف کسی بھی بلے باز کی تیز ترین ون ڈے سنچری ہے۔

شاہد آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں مزید دو سنچریاں بنائیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ دونوں 2010ء کے ایشیا کپ میں بنائی گئیں۔ جس میں 21 جون 2010ء کو کھیلی گئی 124 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز بھی شامل ہے جو بنگلہ دیش کے خلاف صرف 60 گیندوں پر بنائی گئی۔

شاہد آفریدی کی ون ڈے سنچریاں

رنزگیندیںچوکےچھکےبمقابلہبمقامبتاریخ
10240611سری لنکانیروبی‏4 اکتوبر 1996ء
10246109بھارتکانپور‏15 اپریل 2005ء
12460174بنگلہ دیشدمبولا‏21 جون 2010ء
1097687سری لنکادمبولا ‏15 جون 2010ء
108*9278نیوزی لینڈشارجہ‏15 اپریل 2002ء
1099476بھارتٹورنٹو‏19 ستمبر 1998ء

‏'لالا' نے اپنے 398 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 6 سنچریوں کے علاوہ 39 نصف سنچریاں بھی بنائیں اور 8 ہزار سے زیادہ رنز بنا کر رخصت ہوئے۔ ورلڈ کپ 2015ء میں آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل شاہد آفریدی کا آخری ون ڈے انٹرنیشنل تھا۔

شاہد آفریدی کا ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر

میچزرنزبہترین اننگزاوسطاسٹرائیک ریٹسنچریاںنصف سنچریاں
398806412423.57117639

پاک-بھارت باہمی کرکٹ بھی تقریباً 9 سال سے معطل ہے۔ آخری بار دونوں ملکوں کے درمیان کوئی باہمی سیریز ‏2012-13ء میں کھیلی گئی تھی جب پاکستان نے بھارت کا ایک یادگار دورہ کیا تھا۔ یہ 2008ء میں دونوں ملکوں کے حالات کشیدہ ہونے اور باہمی کرکٹ معطل ہونے کے بعد سے اب تک کھیلی گئی واحد سیریز ہے۔