رضوان کا بلّا چل پڑا، شان پہلی بار نصف سنچری نہ بنا پائے

0 1,000

کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں مسلسل ناکامیوں کے بعد بالآخر محمد رضوان کا بلّا چل پڑا ہے اور انہوں نے سیزن کی پہلی نصف سنچری بنا ڈالی ہے۔

ڈرہم کے خلاف مقابلے میں سسیکس کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے 145 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سے پہلے وہ تین اننگز میں صرف 26 رنز بنا پائے تھے جن میں ایک صفر پر بھی شامل تھا۔

رضوان کی اس اننگز کی خاص بات ان کی بھارت کے چیتشوَر پجارا کے ساتھ 154 رنز کی شراکت داری تھی۔ رضوان اس وقت میدان میں آئے جب ٹام کلارک کی صورت میں سسیکس کی پانچویں وکٹ 350 رنز پر گری۔ پھر انہوں نے 'چی' کے ساتھ مل کر اسکور کو 504 رنز تک پہنچا دیا۔

پجارا کے کمالات بھی جاری ہیں جنہوں نے ایک مرتبہ پھر ڈبل سنچری داغ دی ہے۔ سیزن کا آغاز 201 رنز ناٹ آؤٹ سے کرنے کے بعد انہوں نے 109 اور 12 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر ڈرہم کے خلاف اس میچ میں 203 رنز بنا ڈالے۔ 334 گیندوں پر محیط اس اننگز میں 24 چوکے شامل تھے۔

ان دونوں بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی اور ٹام ہینز، ٹام السوپ اور ٹام کلارک کی نصف سنچریوں کی بدولت سسیکس نے پہلی اننگز میں 538 رنز بنائے ہیں۔ ڈرہم پہلی اننگز میں صرف 223 رنز پر ڈھیر ہو گیا تھا اور 315 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز بہت عمدگی سے کیا ہے۔ اوپنرز کی 169 رنز کی شراکت داری جاری ہے اور میچ میں صرف ایک دن کا کھیل باقی ہے۔

ایک طرف رضوان چلے تو دوسری جانب شان مسعود ناکام ہو گئے۔ گلیمورگن کے خلاف میچ کی دوسری اننگز میں شان 42 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئے۔ یہ اس سیزن میں پہلا موقع ہے کہ انہوں نے 50 کا ہندسہ عبور نہ کیا ہے۔ اب تک کھیلی گئی چھ اننگز میں شان مسعود تقریباً 119 کے اوسط سے 713 رنز بنا چکے ہیں۔ اس میں گزشتہ دونوں مقابلوں میں بنائی گئی ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ صرف دو رنز کی کمی سے نک کومپٹن کا اپریل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ نہیں توڑ پائے۔

بہرحال، پہلی اننگز میں 19 رنز کے خسارے کے بعد ڈربی شائر دوسری انگز میں دو وکٹوں پر 170 رنز بنا چکا ہے۔

اُدھر لارڈز میں کھیلے گئے مقابلے میں شاہین آفریدی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت مڈل سیکس تین دن میں ہی جیت گیا۔ آخری روز اسے جیت کے لیے صرف 52 رنز کا ہدف ملا کیونکہ لیسٹرشائر دوسری اننگز میں صرف 272 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا تھا۔ شاہین آفریدی اور ٹوبی رولینڈ-جونز نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین نے ابتدا ہی میں حسن آزاد اور کولن ایکرمین کی وکٹیں لے لی تھیں اور بعد ازاں نصف سنچری بنانے والے ویان مولڈر کو بھی آؤٹ کر کے ٹاپ آرڈر کو خاصا نقصان پہنچا ڈالا۔

دیگر پاکستانی کوئی نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ حارث رؤف معمولی زخمی ہیں جس کی وجہ سے یارکشائر کی جانب سے باؤلنگ نہیں کروا سکے۔ وارسسٹرشائر کے اظہر علی کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز تر ہو گیا ہے۔ ہمپشائر کے خلاف لنکاشائر کے حسن علی دوسری اننگز میں صرف ایک وکٹ لے پائے جبکہ گلوسسٹرشائر کے محمد عامر سرے کے خلاف پہلی اننگز میں کوئی شکار نہیں کر پائے۔