بین اسٹوکس کی ریکارڈ توڑ اننگز: 88 گیندیں، 17 چھکے، 161 رنز

0 956

ابھی کچھ ہی دن تو گزرے ہیں کہ بین اسٹوکس کو انگلینڈ کا نیا ٹیسٹ کپتان بنایا گیا تھا۔ ابھی انہیں یہ ذمہ داری نبھانے کا موقع تو نہیں ملا، لیکن اس سے پہلے ہی اسٹوکس نے اپنے خطرناک ارادے سب پر ظاہر کر دیے ہیں۔

یہ ذمہ داری ملنے کے بعد اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ میں ہی اسٹوکس نے صرف 88 گیندوں پر 161 رنز کی طوفانی اننگز کھیل ڈالی ہے جس کے دوران انہوں نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ 17 چھکوں کا نیا کاؤنٹی ریکارڈ بھی بنایا ہے۔

کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ٹو میں وارسسٹرشائر کے خلاف کھیلی گئی اس اننگز کا سب سے شاندار لمحہ وہ تھا جب اسٹوکس نے ایک ہی اوور میں پانچ چھکے لگائے۔ یہ بد قسمت باؤلر جوش بیکر تھے جو اننگز کا 116 واں اوور کرانے آئے تھے جس کی ابتدائی پانچوں گیندوں کو اسٹوکس نے چھکے کے لیے روانہ کیا۔

وہ ایک اوور کی تمام چھ گیندوں پر چھکے لگانے والے تاریخ کے چند کھلاڑیوں میں شمار ہو جاتے لیکن آخری گیند پر لگایا گیا شاٹ چھکا نہ بن سکا اور انہیں محض چوکے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ یوں اسٹوکس نے ایک اوور میں 34 رنز بنائے اور اس دوران صرف 64 گیندوں پر اپنی سنچری بھی مکمل کی۔

اگر اس اوور سے پہلے اور بعد کی چند گیندیں بھی ملائی جائیں تو اسٹوکس نے 10 میں سے 8 گیندوں پر چھکے رسید کیے۔

اسٹوکس نے سنچری کی طرح اپنے 150 رنز بھی چھکے کے ذریعے مکمل کیے۔ وہ صرف 88 گیندوں پر 161 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکوں کے علاوہ ریکارڈ 17 چھکے بھی شامل تھے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد ڈرہم نے اپنی پہلی اننگز 580 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔