اینڈرسن تو پجارا کے پیچھے ہی پڑ گئے

0 953

انگلینڈ اور بھارت کے مابین پانچواں و آخری ٹیسٹ ایجبسٹن، برمنگھم میں جاری ہے۔ سیریز پچھلے سال چار ٹیسٹ میچز کے بعد ملتوی کر دی گئی تھی اور پانچواں مقابلہ اب تقریباً 10 ماہ بعد کھیلا جا رہا ہے۔ اس دوران بہت کچھ بدل چکا ہے، دونوں ٹیموں کے کپتان بدلے، کوچ بدلے، حالات بدلے، نہیں بدلا تو چیتشوَر پجارا اور جیمز اینڈرسن کا "پیار" نہیں بدلا۔ جی ہاں! پجارا ایک مرتبہ پھر اینڈرسن کی وکٹ بن گئے ہیں، ایک ہی سیریز میں پانچویں مرتبہ!

پانچویں ٹیسٹ میں بھارت کی پہلی اننگز 46 رنز تک ہی پہنچی تھی کہ اینڈرسن نے پجارا کو واپسی کا ٹکٹ تھما دیا۔ وہ اٹھارہویں اوور کی آخری گیند پر دوسری سلپ میں زیک کرالی کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔ صرف اور صرف 4 رنز بنا کر۔

اِس سیریز کا پہلا ٹیسٹ گزشتہ سال ناٹنگھم میں کھیلا گیا تھا، جہاں پہلی اننگز میں پجارا صرف 4 رنز بنا کر اینڈرسن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تھے۔ پھر تو سلسلہ ہی چل پڑا۔ لارڈز میں پہلی اننگز میں وہ صرف 9 رنز بنا کر اینڈرسن کے ہتھے چڑھے اور پھر لیڈز میں صرف 1 رن پر۔ یہی وہ مقابلہ ہے جس میں بھارت کی پوری ٹیم صرف 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

اوول میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میں پجارا میدان میں آئے اور سردار جی والے لطیفے کے مصداق ایک مرتبہ پھر اسی کیلے کے چھلکے پر پھسل گئے۔ یہ بھی ٹیسٹ کی پہلی ہی اننگز تھی، جس میں پجارا نے محض 4 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے کیچ دے گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ سیریز کے پانچوں ٹیسٹ میچز کی پہلی اننگز میں جیمز اینڈرسن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ہیں، دوسری اننگز میں انہوں نے 12*، 45، 91 اور 61 کی بہتر اننگز کھیلیں اور کسی میں اینڈرسن کا شکار نہیں بنے۔

اگر کوئی بلے باز کئی مرتبہ ایک ہی باؤلر کے ہاتھوں آؤٹ ہو جائے تو کرکٹ کی اصطلاح میں کہا جاتا ہے کہ یہ بیٹسمین فلاں باؤلر کا 'bunny' ہے۔ جیسا کہ 2015ء کی پاک-انگلینڈ سیریز میں شان مسعود ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچز کی چاروں اننگز میں جیمز اینڈرسن کا شکار ہوئے تھے۔ پھر محمد حفیظ اور ڈیل اسٹین کی "دوستی" تو اچھی خاصی مشہور تھی۔

ماضی میں جھانکیں تو انگلینڈ کے مائیکل ایتھرٹن نے تو حد ہی کر دی تھی۔ وہ اپنے کیریئر میں 19 مرتبہ گلین میک گرا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے اور 17، 17 مرتبہ کرٹلی ایمبروز اور کورٹنی واش کو وکٹ دے گئے۔ ایسا لگتا ہے انہیں bunny بننے کا شوق تھا۔ اتنی بار تاریخ میں کوئی بیٹسمین کسی کے ہتھے نہیں چڑھا ہوگا۔