رائلی روسو کی شاہانہ واپسی، جنوبی افریقہ کا نہلے پہ دہلا
رائلی روسو کی شاہانہ بیٹنگ اور تبریز شمسی کی باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی کی شکست کے داغ دھو دیے ہیں اور کارڈف میں 58 رنز کی کامیابی کے ساتھ سیریز برابر کر دی ہے۔
انگلینڈ کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ نے صرف تین وکٹوں پر 207 رنز بنائے۔ جہاں اس میں رائلی روسو کا کمال تھا، وہیں انگلش فیلڈرز کی فیاضی بھی شامل تھی۔ یعنی پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جو غلطیاں جنوبی افریقہ نے کیں، وہی دوسرے مقابلے میں انگلینڈ سے ہوئیں۔ 37 رنز پر روسو کا کیچ چھوٹا اور پھر وہ 96 رنز مار گئے، وہ بھی صرف 55 گیندوں پر۔ جی، وہ اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری نہ بنا سکے۔ لیکن چھ سال بعد قومی ٹیم میں آمد کے ساتھ ہی ثابت ضرور کر دیا کہ وہ ایک میچ وِنر کھلاڑی ہیں۔
ملتان کے سلطان روسو کی اننگز میں پانچ چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے ریزا ہینڈرکس کے ساتھ 73 رنز کی شراکت داری کی۔ ہینڈرکس نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری بنائی اور 32 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کے آخری چھ اوورز میں 64 رنز بنائے۔ اس سے زیادہ بھی بنا سکتا تھا، اگر ٹرسٹان اسٹبس ذرا سی پچھلے میچ والی کارکردگی دہرا دیتے یا انریک کلاسن تھوڑی دیر اور کھیل لیتے۔ خیر، انگلینڈ کے لیے 207 رنز بھی کافی ثابت ہوئے۔
جنوبی افریقہ کا دورۂ انگلینڈ 2022ء - دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل
انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ
28 جولائی 2022ء
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نویں اوور میں دو وکٹوں پر 77 رنز بنا چکا تھا، یعنی تقریباً برابری کی سطح پر کھڑا تھا۔ تب جنوبی افریقی اسپنر تبریز شمسی نے فیصلہ کُن وار کیے۔ ایک اوور میں انہوں نے جیسن روئے کو آؤٹ کیا اور اگلے مقابلے میں اِن فارم معین علی کو بھی آؤٹ کر دیا۔ یہی نہیں بلکہ سیم کرن کی بھی وکٹ لے کر میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔
یہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا لیکن جونی بیئرسٹو کی صورت میں انگلینڈ کے لیے امید کی ایک کرن موجود تھی۔ وہی بیئرسٹو جنہوں نے پچھلے میچ میں 53 گیندوں پر 90 رنز جڑ دیے تھے۔ پھر انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بھی تو شیطان کی آنت ہے، ختم ہی نہیں ہوتی۔ جب کریز پر لیام لونگسٹن اور بیئرسٹو ہوں تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
لیکن جنوبی افریقہ نے اِس بار وہ غلطیاں نہیں کیں، جو گزشتہ مقابلے میں سرزد ہوئی تھیں۔ یہاں تک کہ 17 ویں اوور ہی میں انگلینڈ آل آؤٹ کر دیا۔ میزبان صرف 149 رنز ڈھیر ہو گئے۔ کسی بلے باز کی اننگز 30 رنز سے آگے بھی نہ بڑھ پائی۔ جنوبی افریقہ نے پہلے میچ کی شکست کا پورا پورا بدلہ لے لیا۔
تبریز شمسی نے اپنے چار اوورز میں 27 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل جبکہ اتنے ہی کھلاڑیوں کو اندیلے فیلکوایو نے بھی آؤٹ کیا۔
اب سیریز کا فیصلہ ہوگا ساؤتھمپٹن میں، جہاں اتوار کو تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلا جائے گا۔ تب تک روسو کی بیٹنگ کو دیکھیں اور بار بار دیکھیں!