بھارت نے ایشیا کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا

0 841

بھارت نے ایشیا کپ 2022ء کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں ویراٹ کوہلی کی واپسی ہوئی ہے۔ کوہلی کو ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا حالانکہ وہ عرصے سے آؤٹ آف فارم ہیں اور وہاں ایک نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف اپنی فارم بحال کر سکتے تھے۔ بہرحال، اب انہیں ایشیا کپ کے لیے دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ کے ایل راہُل کی بھی واپسی ہوئی ہے، جو نائب کپتان ہوں گے۔ سنجو سیمسن اور شریاس آیر بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، گو کہ آیر کو بیک اپ آپشن رکھا گیا ہے۔

بھارت کو ایک بڑا دھچکا جسپریت بمراہ کے زخمی ہونے کی صورت میں لگا ہے۔ فرنٹ لائن فاسٹ باؤلر کمر کی تکلیف کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوئے ہیں جبکہ ہرشل پٹیل بھی زخمی ہونے کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں۔ یوں بھارت اپنے دو اہم باؤلرز کے بغیر کھیلے گا۔

اعلان کردہ ٹیم میں صرف تین فاسٹ باؤلرز ہیں، ایک بھوونیشوَر کمار جبکہ ان کے ساتھ ہوں گے آویش خان اور عرشدیپ سنگھ۔ عرشدیپ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھائی تھی اور مین آف دی سیریز بھی رہے۔ بہرحال، بمراہ کی عدم موجودگی سے پاکستان نے ضرور سکھ کا سانس لیا ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء سے اب تک کوئی سیریز نہیں ہارا۔ اس دوران وہ دو مرتبہ ویسٹ انڈیز کو شکست دے چکا ہے۔ سری لنکا، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتیں جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز برابر کی۔ یعنی ہم کہہ سکتے ہیں کہ ٹیم انڈیا بھرپور فارم میں ہے اور ایشیا کپ میں فیورٹ کی حیثیت سے جائے گی۔

پاکستان پہلے ہی ایشیا کپ اور دورۂ نیدرلینڈز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر چکا ہے۔ پاکستان نیدرلینڈز کا ایک مختصر دورہ کرے گا، جس میں وہ تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گا۔ جس کے بعد ٹیم 22 اگست کو متحدہ عرب امارات پہنچے گی جہاں 27 اگست سے ایشیا کپ کا باضابطہ آغاز ہوگا۔ پاکستان اور بھارت 28 اگست کو مدمقابل ہوں گے۔

ایشیا کپ 2022ء کے لیے اعلان کردہ بھارتی ٹیم:

روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہُل، ویراٹ کوہلی، سوریا کمار یادَو، رشبھ پنت، دیپک ہودا، دنیش کارتک، ہاردِک پانڈیا، رویندر جدیجا، روی چندر آشوِن، یزویندر چہل، روی بشنوئی، بھوونیشوَر کمار، عرشدیپ سنگھ اور آویش خان۔