پاکستان کو ایک اور دھچکا، محمد وسیم بھی زخمی

1 610

شاہین آفریدی کا زخمی ہو جانا کیا کم دھچکا تھا کہ پاکستان کے محمد وسیم بھی ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

کمر کی تکلیف نے محمد وسیم کو کم از کم تین ہفتے کے لیے کرکٹ سے دُور کر دیا ہے۔ یوں حسن علی ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم میں واپس آ گئے ہیں حالانکہ انہیں دورۂ نیدرلینڈز اور ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ سے باہر کیا گیا تھا۔

محمد وسیم نے جمعرات کو نیٹ سیشن کے دوران کمر میں تکلیف کی شکایت کی تھی، جس کے اسکین کی رپورٹ کے مطابق ان کے پھٹوں میں کھنچاؤ ے اور انہیں کم از کم تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ یوں پاکستان کو فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں دوسرا بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

ان کی جگہ بلائے گئے حسن علی کی کارکردگی گزشتہ ایک سال سے بہت مایوس کُن ہے۔ رواں سال وہ تین ون ڈے انٹرنیشنلز میں 76 سے زیادہ کے اوسط کے ساتھ صرف دو وکٹیں لے پائے ہیں جبکہ آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی صرف 8 وکٹیں لی ہیں۔

وہ رواں سال پاکستان سپر لیگ میں بھی بُری طرح ناکام ہوئے تھے جہاں انہوں نے 40 سے زیادہ کے اوسط اور تقریباً 11 کے بھیانک اکانمی ریٹ کے ساتھ محض 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

بہرحال، شاہین آفریدی اور محمد وسیم کے باہر ہو جانے کے بعد پاکستان کی تیز باؤلنگ حارث رؤف، شاہنواز ڈاہانی، نسیم شاہ اور حسن علی پر مشتمل ہوگی۔

پاکستان کو ایشیا کپ میں اپنے پہلے مقابلے میں ہی روایتی حریف بھارت کا سامنا کرنا ہے، جس کے خلاف وہ 28 اگست کو اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔