بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کے لیے انگلش دستے کا اعلان

1 1,019

انگلستان نے بھارت کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سیریز کے لیے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے۔

ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیون پیٹرسن کو ایک روزہ سیریز کے لیے آرام کا موقع دیا گیا ہے
ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیون پیٹرسن کو ایک روزہ سیریز کے لیے آرام کا موقع دیا گیا ہے

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق 14 رکنی دستے میں ڈرہم سے تعلق رکھنے والے بین اسٹوکس بھی شامل ہیں، جنہوں نے جمعرات کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا جبکہ انگلستان نے بلے باز کیون پیٹرسن کو پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے لیے آرام کا موقع دیا ہے۔

31 اگست کو اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے لیے اعلان کردہ 13 رکنی دستے میں دو نئے کھلاڑی سمرسیٹ کے جوس بٹلر اور ناٹنگھم شائر کے ایلکس ہیلز شامل ہیں۔

قومی سلیکٹر جیوف ملر نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں دستے تجربہ کار بین الاقوامی اور پرجوش و باصلاحیت نئے کھلاڑیوں پر مشتمل کھلاڑیوں کا ایک حسین امتزاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیون پیٹرسن کو آرام دینے کا مقصد اہم کھلاڑیوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنا ہے اور یہ فیصلہ دوسرے بلے بازکو چوتھے نمبر پر کھیلنے کا موقع فراہم کرے گا۔

واحد ٹی ٹوئنٹی کے لیے اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اسٹورٹ براڈ (کپتان)، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، ایون مورگن، بین اسٹوکس، ٹم بریسنن، جوس بٹلر، جیڈ ڈرنباخ، روی بوپارا، سمیت پٹیل، کریگ کیزویٹر، کیون پیٹرسن اور گریم سوان۔

ایک روزہ سیریز کے لیے اعلان کردہ دستہ:

ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، این بیل، ایون مورگن، بین اسٹوکس، ٹم بریسنن، جوناتھن ٹراٹ، جیمز اینڈرسن، جیڈ ڈرنباخ، روی بوپارا، سمیت پٹیل، کریگ کیزویٹر اور گریم سوان۔