بھارت تاحال فتح کے ذائقے سے محروم، واحد ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست

1 1,039

سرزمین انگلستان پر بھارت اب تک فتح کے ذائقے سے محروم ہے اور ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد اب واحد ٹی ٹوئنٹی میں بھی اسے شکست کا مزا چکھنا پڑا ہے۔ اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں کھیلے گئے واحد ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے میں ایون مورگن کے بروقت 49 رنز اور جیڈ ڈرنباخ کی 4 وکٹوں کی بدولت انگلستان نے نسبتاً سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

آخری اوورز میں عمدہ باؤلنگ خصوصاً جیڈ ڈرنباخ کا اسپیل انگلستان کو میچ میں واپس لایا
آخری اوورز میں عمدہ باؤلنگ خصوصاً جیڈ ڈرنباخ کا اسپیل انگلستان کو میچ میں واپس لایا

166 رنز کے ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں انگلستان کے ایون مورگن کے 27 گیندوں پر 49 رنز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا جبکہ اس سے قبل جیڈ ڈرنباح کی چار وکٹوں نے بھارت کے بلے بازوں کی شعلہ فشاں توپوں کو خاموش کیا اور 22 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کیریئر کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ کھیلنے والے اجنکیا راہانے کے 39 گیندوں پر شاندار 61 رنز کی بدولت 165 رنز کا اچھا مجموعہ اکٹھا کیا۔ ان کے علاوہ اپنے کیریئر کا پہلا اور آخری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ کھیلنے والے راہول ڈریوڈ نے انگلش گیند باز سمیت پٹیل کو تین مسلسل گیندوں پر تین چھکے رسید کیا اور اس طرح 31 رنز بنائے جبکہ سریش رائنا نے 33 رنز بنائے۔

بھارت ایک بڑے اسکور کی جانب رواں تھا لیکن ڈرنباخ کی جانب سے کرایا گیا 18 واں اوور اہم و فیصلہ کن ثابت ہوا جس میں مہندر سنگھ دھونی اور روی چندر آشون کی وکٹیں گرنے نے بھارت کی رنز بنانے کی رفتار کو دھیما کر دیا۔ دوسرے اینڈ سے ٹم بریسنن نے بھارت کی آخری امید سریش رائنا کو بھی ٹھکانے لگایا جبکہ آخری اوور میں ڈرنباخ نے مزید دو کھلاڑیوں کو شکار کر کے 200 رنز پر نظریں مرکوز رکھنے والے بھارت کو 165 تک ہی محدود کر دیا۔ بھارت جو 17 اوورز کے اختتام تک 158 رنز بنا چکا تھا، اگلے تین اوور میں محض 7 رنز بنا سکا اور شاید آخری ان اوورز کا فائدہ نہ اٹھا پانا ہی اس کی شکست کا سبب بنا۔

دوسری جانب ابتداء ہی میں وکٹ گنوانے والا انگلستان مورگن کی اننگز کی بدولت با آسانی فتح کی منزل پر پہنچتا دکھائی دے رہا تھا لیکن آخری اوورز میں بھارتی گیند بازوں کی نپی تلی باؤلنگ خصوصاً مناف پٹیل کی جانب سے کیا گیا 19 واں اوور بھارت کو میچ میں واپس لاتا دکھائی دیا، جس میں صرف تین رنز بنے۔

آخری اوور میں انگلستان کو فتح کے لیے 10 رنز درکار تھے۔ ونے کمار گیند کرانے کے لیے آئے اور پہلی ہی گیند کو بدقسمتی سے امپائر کی جانب سے وائیڈ قرار دے دیا گیا۔ انگلستان کی خوش قسمتی اگلی گیند پر بھی جا رہی جب سمیت پٹیل کی گيند بلے کا نچلا کنارہ لیتی ہوئی دھونی کو غجہ دیتی ہوئی باؤنڈری لائن پار کر گئی۔ اب انگلستان کو 5 گیندوں پر 5 رنز درکار تھے۔ اگلی گیند بلے کا بھاری کنارہ لیتی ہوئی تھرڈ مین باؤنڈری پر میدان سے باہر چلی گئی اور یوں مقابلہ برابر ہو گیا۔ اگلی گیند پر سمیت نے پہلا پراعتماد شاٹ کھیلا اور گیند کور باؤنڈری سے باہر جا کر انگلستان کی فتح کا اعلان کر گئی۔ دوسرے اینڈ پر کھڑے روی بوپارا نے 31 رنز بنائے لیکن 36 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز ہی تھی جو ایک نسبتاً آسان ہدف کو مشکل مرحلے تک لے آئی۔ فتح گر شاٹ کھیلنے والے سمیت پٹیل نے 25 رنز بنائے اور انگلستان کا بیڑہ پار کرایا۔ ان تینوں بلے بازوں کے علاوہ کیون پیٹرسن نے بھی 33 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے مناف پٹیل نے 2 جبکہ پروین کمار اور ویرات کوہلی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جیڈ ڈرنباخ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اب دونوں ٹیمیں 3 ستمبر سے شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی جس میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔

انگلستان بمقابلہ بھارت : واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلہ

(بتاریخ: 31 اگست 2011ء بمقام: اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر)

نتیجہ: انگلستان 6 وکٹ سے کامیاب

بہترین کھلاڑی: ڈیرن باخ (انگلستان)

بھارت بھارت رنز گیندیں چوکے چھکے
پارتھیو پٹیل ک اسٹورٹ براڈ ب ڈیرن باخ 10 12 2 0
اجنکیا رہانہ ک ڈیرن باخ ب اسٹورٹ براڈ 61 39 8 0
راہول ڈریوڈ ک ایون مورگن ب روی بوپارا 31 21 0 3
ورات کوہلی ک کریگ کزویٹر ب اسٹورٹ براڈ 4 5 0 0
روہیت شرما اسٹمپ کریگ کزویٹر ب گریم سوان 1 3 0 0
سریش رائنا ک اسٹورٹ براڈ ب ٹم بریسنن 33 19 2 3
مہندر سنگھ دھونی ک ایلکس ہیلز ب ڈیرن باخ 8 8 1 0
روی چندرن آشون رن آؤٹ (ڈیرن باخ) 4 2 1 0
پروین کمار ب ڈیرن باخ 1 4 0 0
ونے کمار آؤٹ نہیں ہوئے 2 4 0 0
مناف پٹیل ک کریگ کزویٹر ب ڈیرن باخ 0 1 0 0
فاضل رنز (7 لیگ بائے؛ 3 وائڈ) 10
مجموعہ (19.4 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ) 165

 

انگلستان (گیند بازی) اوور میڈان رنز وکٹ
ٹم بریسنن 4 0 33 1
ڈیرن باخ 3.4 0 22 4
اسٹورٹ براڈ 4 0 37 2
سمت پٹیل 3 0 34 0
گریم سوان 4 0 28 1
روی بوپارا 1 0 4 1

 

انگلستان انگلستان رنز گیندیں چوکے چھکے
ایلکس ہیلز ایل بی ڈبلیو ب پروین کمار 0 2 0 0
کریگ کزویٹر ک سریش رائنا ب مناف پٹیل 18 13 2 1
کیون پیٹرسن اسٹمپ مہندر سنگھ دھونی ب ورات کوہلی 33 23 5 0
ایون مورگن ک روہیت شرما ب مناف پٹیل 49 27 7 1
روی بوپارا آؤٹ نہیں ہوئے 31 36 2 0
سمت پٹیل آؤٹ نہیں ہوئے 25 16 3 0
فاضل رنز (7 لیگ بائے؛ 6 وائڈ) 13
مجموعہ (19.3 اوورز؛ 4 کھلاڑی آؤٹ) 169

 

بھارت (گیند بازی) اوور میڈان رنز وکٹ
پروین کمار 4 0 27 1
ونے کمار 3.3 0 35 0
مناف پٹیل 4 0 25 2
روی چنر آشون 4 0 37 0
ورات کوہلی 3 0 22 1
سریش رائنا 1 0 16 0