ایرنگا زخمی ہوگئے، پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر

1 1,006

سری لنکا کے نوجوان و باصلاحیت گیند باز شامنڈا ایرنگا زخمی ہو جانے کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کے متبادل کے طور پر کوسالا کولاسیکرا کو طلب کر لیا گیا ہے، جنہیں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا کوئي تجربہ نہیں ہے گو کہ ایرنگا نے بھی محض ایک ہی ٹیسٹ میں سری لنکا کی نمائندگی کی ہے لیکن اس واحد ٹیسٹ میں بھی انہوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ماہرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی تھی۔ کیریئر کے واحد ٹیسٹ کی پہلی ہی اننگز میں انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ایرنگا کی غیر موجودگی سے سری لنکن پیس اٹیک مزید کمزور ہوگا
ایرنگا کی غیر موجودگی سے سری لنکن پیس اٹیک مزید کمزور ہوگا

ایرنگا کے اچانک زخمی ہو جانے کے باعث سری لنکا کی کوششوں کو سخت دھچکا پہنچا ہے جو پہلے ہی خاص طور پر باؤلنگ کے شعبے میں بہت کمزور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معروف کمنٹیٹر اور ماہر جیفری بائيکاٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ٹیسٹ سیریز جیتنے کا بہترین موقع ہے کہ کیونکہ مرلی دھرن اور لاستھ مالنگا کے بعد سری لنکن باؤلنگ میں دم خم نظر نہیں آتا۔

طلب کیے گئے 26 سالہ کولاسیکرا سری لنکا 'اے' کے دستے کا مستقل حصہ ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سری لنکا بورڈ الیون کے بھی رکن تھے۔

اب سری لنکن پیس بیٹری میں چناکا ویلیگیدرا، دھمیکا پرساد، سورنگا لکمل اور نووان پردیپ رہ گئے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 18 اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہوگا۔