سری لنکا کے لیے خطرے کی گھنٹی، جے وردھنے زخمی، بطور بیک اپ سماراویرا طلب

0 1,001

پاکستان کے خلاف ایک اہم سیریز میں شکست کے بعد سری لنکا جنوبی افریقہ کے سخت دورے کے لیے تیاریاں پکڑ رہا ہے اور اُس کے لیے ایک بہت بری خبر مہیلا جے وردھنے کی صحت یابی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ہے۔ گو کہ بظاہر یہی کہا جا رہا ہے کہ جے وردھنے کا دورۂ جنوبی افریقہ کسی خطرے سے دوچار نہیں ہے لیکن پاکستان کے خلاف آخری ایک روزہ اور پھر واحد ٹی ٹوئنٹی میں گھٹنے کی تکلیف کے باعث عدم شرکت نے خطرے کی گھنٹے بجا دی ہے۔

مہیلا جے وردھنے پاکستان کے خلاف آخری ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیل پائے تھے
مہیلا جے وردھنے پاکستان کے خلاف آخری ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیل پائے تھے

اس لیے حفظ ما تقدم کے تحت سری لنکا کے سلیکٹرز نے تجربہ کار تھیلان سماراویرا کو طلب کر لیا ہے۔ سماراویرا کو آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستے سے باہر کر دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔ جس کی وجہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کی بورڈ پالیسی کو قرار دیا گیا۔

انگلستان، آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف کے خلاف مسلسل تین ٹیسٹ سیریز میں شکستوں کے بعد سری لنکا تین ٹیسٹ کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ کی سرزمین پر اترے گا جہاں وہ آج تک ایک ٹیسٹ مقابلہ بھی نہیں جیت پایا اور اگر یہ روایت قائم رہتی ہے تو سری لنکا کے خلاف 2011ء کا سال بہت برا ثابت ہوگا۔ تین ٹیسٹ مقابلوں کے علاوہ دونوں ٹیمیں 5 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے بھی کھیلیں گی۔ سیریز کا باضابطہ آغاز 15 دسمبر کو سنچورین میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا۔

جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والا سری لنکا کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا (بلحاظ حروف تہجی):

تلکارتنے دلشان (کپتان)، اجنتھا مینڈس، اینجلو میتھیوز، تھارنگا پرناوتنا، تھیسارا پیریرا، تھیلان سماراویرا، چناکا ویلیگیدرا، دلہارا فرنانڈو، دنیش چندیمال، دیموتھ کرونارتنے، رنگانا ہیراتھ، سورنگا لکمل، کمار سنگاکارا، کوشال سلوا، لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے اور نووان پردیپ۔