دلشان نے قیادت چھوڑ دی، جے وردھنے دوبارہ کپتان بنا دیے گئے

0 1,034

اپنی قیادت میں تمام ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز ہارنے کے بعد بالآخر سری لنکا کے کپتان تلکارتنے دلشان کپتانی سے تائب ہو گئے ہیں اور سری لنکا کرکٹ نے ان کی جگہ مہیلا جے وردھنے کو ایک مرتبہ پھر قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا ہے۔ یوں عالمی کپ 2011ء کے بعد شکستوں کے گرداب میں پھنسے سری لنکا نے اُس کپتان سے نجات پالی ہے جو مسلسل چار ٹیسٹ و ایک روزہ سیریز میں ملنے والی بدترین شکستوں میں اس کا قائد تھا۔

تلکارتنے دلشان کی زیر قیادت سری لنکا تمام ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز ہارا (تصویر: AP)
تلکارتنے دلشان کی زیر قیادت سری لنکا تمام ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز ہارا (تصویر: AP)

اب بطور کپتان مہیلا جے وردھنے کی پہلی ذمہ داری دورۂ آسٹریلیا میں سہ فریقی ٹورنامنٹ میں عالمی چیمپئن بھارت اور میزبان آسٹریلیا کا سامنا ہوگی۔ سہ فریقی سیریز کا آغاز اگلے ماہ یعنی فروری میں ہو رہا ہے۔ اینجلو میتھیوز بدستور نائب کپتان رہیں گے۔ 2004ء سے 2009ء تک سری لنکا کے کپتان رہنے والے مہیلا جے وردھنے نے کل 97 ایک روزہ مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کی تھی جس میں سے 57 میں اسے فتح نصیب ہوئی اور 35 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ 2009ء میں مہیلا نے قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور کمار سنگاکارا نئے کپتان قرار پائے تھے جنہوں نے عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں شکست کے بعد عہدہ چھوڑا۔
ممکن ہے کہ ایک روزہ کے ساتھ جے وردھنے کو ٹیسٹ قیادت بھی سونپ دی جائے کیونکہ انگلستان کے خلاف ہوم سیریز مارچ کے اختتام میں شروع ہوگی۔

تلکارتنے دلشان کی زیر قیادت سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز، دورۂانگلستان، پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات کی سیریز اور پھر دورۂ جنوبی افریقہ میں تمام طرز کی کرکٹ میں شکستیں کھائیں اور عالمی کپ میں عمدہ کارکردگی کے بعد صرف 9 ماہ میں یہ حال ہو چکا ہے کہ سری لنکا ٹیسٹ و ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں رو بہ زوال ہے۔

سری لنکا کرکٹ کے نئے سلیکشن پینل نے اس موقع پر دورۂ آسٹریلیا کے لیے 15 رکنی دستے کا بھی اعلان کیا ہے جس میں تلکارتنے دلشان بھی شامل ہیں۔

دورۂ آسٹریلیا کے لیے سری لنکا نے 15 رکنی دستے کا اعلان کیا ہے جس میں پرویز مہاروف اور چناکا ویلیگیدرا کو ایک مرتبہ پھر طلب کیا گیا ہے۔ دستے میں صرف انہی دونوں کھلاڑیوں کی تبدیلیاں کی گئی ہیں باقی تمام کھلاڑی وہی ہیں جنہوں نے ابھی جنوبی افریقہ کے خلا ف ایک روزہ سیریز میں 3-2 سے شکست کھائی ہے۔ یہ دونوں کھلاڑی کوسالا کولاسیکرا اور دلہارا فرنانڈو کی جگہ لیں گے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

مہیلا جے وردھنے (کپتان)، اوپل تھارنگا، اینجلو میتھیوز، پرویز مہاروف، تلکارتنے دلشان، تھیسارا پیریرا، چناکا ویلیگیدرا، دنیش چندیمال، دھمیکا پرساد، رنگانا ہیراتھ، سچترا سینانائیکے، کمار سنگاکارا، لاستھ مالنگا، لاہیرو تھریمانے اور نووان کولاسیکرا۔