ان فارم گپٹل نے نیوزی لینڈ کو پہلا ٹی ٹوئنٹی جتوا دیا

0 1,115

مارٹن گپٹل کی 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے زمبابوے کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی با آسانی سات وکٹوں سے جیت لیا۔ 160 رنز کے معقول ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ گپٹل کی اننگز پر سوار ہو کر تین اوور قبل ہی ہدف تک پہنچ گیا۔ گپٹل نے کین ولیم سن کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ پر 89 گیندوں پر 137 رنز جوڑے اور نیوزی لینڈ کو دو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری دلا دی۔

مارٹن گپٹل کو ناقابل شکست اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: AFP)
مارٹن گپٹل کو ناقابل شکست اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: AFP)

یوں دورۂ نیوزی لینڈ میں زمبابوے کی پہلی بہتر کارکردگی رائیگاں گئی خصوصاً ہملٹن ماساکازا کی نصف سنچری اور ایلٹن چگمبورا کے برق رفتار 48 رنز شکست کے دھارے میں بہہ گئے۔

ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور محض 16 پر ہی اپنے دو کھلاڑی گنوا بیٹھا۔ تیسری وکٹ پر ہملٹن ماساکازا اور ٹاٹنڈا ٹائبو نے 62 رنز کا اضافہ کیا اور نصف اوورز مکمل ہونے تک زمبابوین اننگز کو مستحکم کر دیا جس کی بنیاد پر آخری اوورز میں ایلٹن چگمبورا نے 24 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اسکور کو 159 رنز تک پہنچایا۔

لیکن اس ہدف کا دفاع کرتے ہوئے زمبابوے 15 رنز پر نیوزی لینڈ کے راب نکول اور برینڈن میک کولم کو ٹھکانے لگانے کے باوجود میچ پر اپنی گرفت مضبوط نہ کر سکا اور مارٹن گپٹل اور کین ولیم سن کی 137 رنز کی شراکت ان کے ہاتھوں سے میچ کو نکال لے گئی۔ کین ولیم سن فتح سے چند قدم کے فاصلے پر 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے یہ رنز بنائے جبکہ مارٹن کپٹل 6 چھکوں اور 5 چوکوں کے ذریعے 54 گیندوں پر 91 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

طویل عرصے ٹیسٹ کرکٹ سے دوری کے بعد اب مکمل طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے والا زمبابوے نیوزی لینڈ میں پے در پے شکستوں سے بے حال ہے۔ اسے واحد ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد میزبان ٹیم نے اسے تینوں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں مکمل طور پر آؤٹ کلاس کیا۔ لیکن پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نسبتاً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود وہ میچ کو اپنی گرفت میں نہ لے سکا اور یوں اسے تمام طرز کی کرکٹ میں کلین سویپ کا خدشہ لاحق ہو گیا اور اس ہزیمت سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ زمبابوے 14 فروری کو ہملٹن میں ہونے والے آخری ٹی ٹوئنٹی میں فتح حاصل کرے۔ دیکھنا یہ ہے کہ زمبابوے اس میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں، لیکن اتنی بات یقینی ہے کہ اگر وہ اپنی آج کی کارکردگی کو کچھ بہتر بنائے اور پھر حریف بلے بازوں کو جمنے کا موقع نہ دے تو بازی اس کے نام ہو سکتی ہے۔

اسکور کارڈ کچھ دیر میں ملاحظہ کریں