فٹ رہنا ہے تو گوشت چھوڑو سبزیاں کھاؤ: وسیم اکرم کا عرفان کو مشورہ

0 1,405

دنیا بھر میں کرکٹ اب کھیل سے بڑھ کر سائنس بن چکی ہے، کھیلنے کی تکنیک کو بذریعہ کمپیوٹر سافٹویئرز جانچنے کے علاوہ روزمرہ مرہ کی زندگی کو ایک سانچے میں ڈھالنے تک، ترقی یافتہ ممالک میں کھلاڑیوں کے رہنے سہنے اور کھانے پینے کے طریقے تک وضع کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ میدان میں مکمل طور پر چاق و چوبند رہیں۔

عرفان کو اپنی خوراک اور وہاب کو اپنے ذہن پر قابو پانا ہوگا: وسیم اکرم (تصویر: Getty Images)
عرفان کو اپنی خوراک اور وہاب کو اپنے ذہن پر قابو پانا ہوگا: وسیم اکرم (تصویر: Getty Images)

اب جبکہ عالمی کپ 2015ء کی تیاریاں باقاعدہ شروع ہو چکی ہیں، پاکستان کے کھلاڑیوں کو بھی اس کا خیال رکھنا ہوگا اور اسی بات کا اشارہ پاکستان کے کپتان وسیم اکرم نے معروف کرکٹ ویب سائٹ پاک پیشن کے دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کیا ہے۔

محمد عرفان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ جس طرح محمد عرفان نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں سخت جدوجہد کر کے خود کو ڈومیسٹک کرکٹ میں منوایا ہے اور بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آئے ہیں، وہ قابل ستائش ہے لیکن انہیں اپنی عمر اور قد و قامت کی وجہ سے اپنا خصوصی خیال رکھنا ہوگا۔

ابھی گزشتہ روز ہی پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس نے بھی محمد عرفان کے حوالے سے کہا تھا کہ اگر پاکستان عالمی کپ 2015ء جیتنا چاہتا ہے تو اسے محمد عرفان کو اس وقت تک مکمل طور پر فٹ رکھنا ہوگا اور اب وسیم اکرم کی جانب سے محمد عرفان کے لیے خصوصی مشورے کرکٹ کی تاریخ کے طویل ترین قامت کے حامل اس باؤلر کی اہمیت کو ظاہر کرنے کے لیے کافی ہیں۔

وسیم اکرم نے محمد عرفان کا لمبا قد جہاں اس کے لیے سودمند ہے، وہیں اتنے لمبے قد پر بڑھتا ہوا وزن اس کے لیے مسائل کھڑے کرسکتا ہے، اس لیے میں نے عرفان کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ایک پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے اس کے لیے اولین ترجیح فٹنس ہونی چاہیے۔

1992ء کے عالمی کپ میں بہترین کھلاڑی قرار پانے والے وسیم اکرم نے محمد عرفان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گوشت کھانا کم کرے اور سبزیوں پر قناعت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں کھلاڑیوں کے ڈائٹ پلان پر توجہ نہیں دی جاتی اور ٹیم میں اس وقت کئی کھلاڑیوں موجود ہیں جن کو فٹ رکھنے کے لیے ان سے کھانے پر کنٹرول کروانا ہوگا۔

حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں گو کہ عمر اکمل نے وکٹوں کے آگےاور پیچھے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں لیکن وسیم اکرم عمر سے وکٹ کیپنگ کروانے کو درست نہیں سمجھتے۔ علاوہ ازیں انہوں نے وہاب ریاض کو بھی مشورہ دیا کہ وہ ذہنی طور پر خود کو مضبوط بنائے، ورنہ اس کا کرکٹ میں چلنا مشکل ہوجائے گا۔

جنید خان کو انتہائی باصلاحیت کھلاڑی قرار دیتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ وہ کیریئر کے اس دور سے گزر رہا ہے، جہاں تمام معاملات اس کے حق میں نہیں ہوں گے اور یہ مرحلہ تمام ہی کھلاڑیوں پر آتا ہے۔ اس لیے کوچنگ اسٹاف کو چاہیے کہ اس کو مورال کو بلند کرے تاکہ وہ طویل عرصے تک پاکستان کرکٹ کی خدمت کر سکے۔