رنگانا ہیراتھ نے وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا

0 2,430

وسیم اکرم بلاشبہ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والے تاریخ کے عظیم ترین باؤلر ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان کے پاس سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ ہینڈر ہونے کا ریکارڈ بھی تھا؟ جو اب نہیں رہا۔ سری لنکا کے اسپنر رنگانا ہیراتھ نے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

وسیم اکرم نے اپنے کیریئر میں 414 ٹیسٹ وکٹیں لی تھیں، جبکہ ہیراتھ نے ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار باؤلنگ کے ذریعے 415 وکٹیں مکمل کرلی ہیں اور یوں وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ڈھاکا ٹیسٹ کے تیسرے دن سری لنکا نے اپنے گزشتہ دن کے اسکور 312 رنز میں 27 رنز کا اضافہ کیا اور بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 339 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ تین اننگز میں استعمال ہونے والی وکٹ ہو اور ایک اینڈ سے ہیراتھ باؤلنگ کروا رہے ہوں تو اچھے بھلے بیٹسمین کے لیے وکٹ بچانا مشکل ہو جاتا ہے۔ یہی ہوا ۔ ایک اینڈ سے اکیلا داننجیا اور دوسرے سے ہیراتھ، بنگلہ دیش 30 اوورز بھی پورے نہ کر سکا اور صرف 123 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔

215 رنز کی اس کامیابی میں ہیراتھ نے 49 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرکے اپنا حصہ ڈالا جس میں امر القیس، مومن الحق اور مشفق الرحیم کی قیمتی وکٹیں بھی شامل تھی اور آخر میں تیج الاسلام کے آؤٹ کرکے مقابلے کا خاتمہ کرنا اور ایک نیا سنگ میل عبور کرنا بھی۔

ان چار وکٹوں کے ساتھ ہی ہیراتھ کی کل ٹیسٹ وکٹیں 415 ہوگئی ہیں اور وہ وسیم اکرم سے آگے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے اب تک 89 ٹیسٹ کھیلے ہیں اور 28.17 کے اوسط سے یہ وکٹیں حاصل کیں ہیں۔ اس میں 33 مرتبہ اننگز میں پانچ اور 9 مرتبہ میچ میں دس وکٹوں کے کارنامے بھی شامل ہیں۔ تاریخ میں صرف چار باؤلرز ایسے ہیں جنہوں نے ہیراتھ سے زیادہ مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں لی ہوں۔

ان کے مقابلے میں وسیم اکرم نے 104 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 23.62 کے اوسط سے 414 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کروانے والے بس یہی دونوں باؤلر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹوں کا ہندسہ عبور کیا۔ تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری ہیں جن کی وکٹوں کی تعداد 362 تھی۔