ویمنز ورلڈ کپ: آسٹریلیا فائنل میں، ویسٹ انڈیز ڈھیر ہو گیا

0 677

آسٹریلیا بڑے مقابلوں کی بڑی ٹیم ہے۔ کرکٹ تاریخ چاہے مردوں کی ہو یا خواتین کی، دونوں میں آسٹریلیا غالب نظر آتا ہے۔ پھر مقابلہ جتنا بڑا ہو، پرفارمنس بھی اتنی ہی بڑی ہوتی ہے۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء کے پہلے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز ویمنز کو یہ بات اچھی طرح سمجھ آ گئی ہوگی کیونکہ آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں اپنی سب سے جامع کارکردگی اسی مقابلے میں دکھائی ہے۔ چند دن قبل جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے ساتھ بھارت کے باہر ہونے کا جشن منانے والا ویسٹ انڈیز آج آسٹریلیا کے ہاتھوں بے حال نظر آیا اور 157 رنز کی بھاری بھرکم شکست کھا بیٹھا۔

آسٹریلیا کی اس شاندار کامیابی میں بنیادی کردار اوپننگ جوڑی ریچل ہینز اور ایلیسا ہیلی کا تھا۔ جنہوں نے اِس ورلڈ کپ کی سب سے بڑی 216 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

‏45 اوورز فی اننگز تک محدود میچ میں 33 ویں اوور تک ویسٹ انڈین باؤلرز ایک وکٹ سے بھی محروم رہیں۔ ایلیسیا نے صرف 107 گیندوں پر 129 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا اور 17 چوکے شامل تھے۔ بد قسمتی سے ریچل ہینز اپنی سنچری مکمل نہ کر پائیں اور ان کی اننگز 100 گیندوں پر 85 رنز کے ساتھ ہی مکمل ہو گئی۔

ان دونوں کے جانے کے بعد صرف 10 اوورز کا کھیل باقی بچا تھا، جن میں آسٹریلوی بلے بازوں نے 74 مزید رنز کا اضافہ کیا۔ آسٹریلیا نے صرف 45 اوورز میں 305 رنز کا مجموعہ کھڑا کر دیا۔

ویسٹ انڈیز 7 باؤلرز آزمانے کے باوجود صرف تین وکٹیں ہی لے پایا۔ پھر اتنے بڑے ہدف کا دباؤ اتنا زیادہ تھا کہ بیٹنگ بھی چل کر نہیں تھی۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء - پہلا سیمی فائنل

آسٹریلیا بمقابلہ ویسٹ انڈیز

نتیجہ: آسٹریلیا 157 رنز سے جیت گیا

آسٹریلیا 🏆305-3
ایلیسا ہیلی129107
ریچل ہینز85100
ویسٹ انڈیز باؤلنگامرو
چنیل ہیری90512
شمیلیا کونیل80451

ویسٹ انڈیز148
اسٹیفانی ٹیلر4875
دیئندرا دوتن3435
آسٹریلیا باؤلنگامرو
جیس جوناسن50142
میگن شوٹ4081

ویسٹ انڈیز کی جوابی اننگز 37 اوورز میں 148 رنز پر ہی تمام ہو گئی۔ کپتان اسٹیفانی ٹیلر نے 48 اور ہیلی میتھیوز اور دیئندرا دوتن نے 34، 34 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی۔ باقی کسی کی اننگز دہرے ہندسے میں بھی نہیں پہنچ پائی۔

انیسہ محمد فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے اور چنیل ہینری طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہیں آ سکیں۔ جس کی وجہ سے 8 وکٹیں گرنے پر ہی ویسٹ انڈیز آل آؤٹ قرار پایا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیس جوناسن نے 14 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جس میں ہیلی میتھیوز کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا جاری ویمنز ورلڈ کپ میں اب تک کوئی میچ نہیں ہارا۔ وہ ناقابلِ شکست ٹیم کی حیثیت سے سیمی فائنل تک پہنچا تھا اور اب وہاں بھی جیت کر فائنل میں پہنچ چکا ہے یعنی ورلڈ کپ جیتنے سے صرف ایک میچ کے فاصلے پر ہے۔

یہ آسٹریلیا ویمنز کا نواں ورلڈ کپ فائنل ہوگا جبکہ وہ سب سے زیادہ چھ مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بھی رہ چکی ہیں۔

اتوار 3 اپریل کو فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا، جس میں جمعرات کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور جنوبی افریقہ مقابل ہوں گے۔

پہلے مرحلے میں جنوبی افریقہ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پھر جنوبی افریقہ نے اِس ورلڈ کپ میں اب تک صرف ایک شکست کھائی ہے جبکہ انگلینڈ ابتدائی تینوں مقابلے ہارنے کے بعد مسلسل چار کامیابیاں سمیٹ کر سیمی فائنل تک پہنچا ہے۔ یعنی مقابلہ بالکل ٹکر کا ہے، اس لیے امید ہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں ایک سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔