بابر اعظم ایک مرتبہ پھر 'مہینے کے بہترین کھلاڑی' بن گئے

0 653

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ سال جنوری میں "پلیئر آف دی منتھ" ایوارڈز جاری کیے تھے جن کا مطلب ہر مہینے غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو سراہنا تھا۔ مارچ 2022ء کے لیے پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور آسٹریلیا کی اوپنر ریچل ہینز کو پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔

بابر اعظم کے لیے مارچ کا مہینہ غیر معمولی رہا، جس میں انہوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ خاص طور پر کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف 196 رنز کی اننگز مدتوں یاد رہے گی۔ اسی میچ بچاؤ اننگز کی بدولت وہ مقابل کھلاڑیوں ویسٹ انڈین کپتان کریگ بریتھویٹ اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کو پچھاڑنے میں کامیاب ہوئے جو اس پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے ان کے مقابل تھے۔

اس طرح بابر اعظم دو مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ اس سے پہلے اپریل 2021ء میں بھی مہینے کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی تاریخی بینو-قادر ٹرافی میں بابر اعظم نے 78 کے اوسط سے 390 رنز بنائے تھے کہ جن میں دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری بھی شامل تھی، جو ڈبل سنچری بنتے بنتے رہ گئی۔ اگر 196 رنز کی اننگز کو پوری سیریز کی نمایاں ترین جھلک قرار دیا جائے تو غلط نہیں ہوگا کیونکہ اس کی بدولت پاکستان ایک ہارا ہوا ٹیسٹ برابر کرنے میں کامیاب ہوا۔

بابر اعظم کی فارم کا سلسلہ ون ڈے سیریز میں بھی برقرار رہا جس کے دو ابتدائی مقابلوں میں انہوں نے 57 اور 118 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے سال کے بہترین ون ڈے کرکٹر کا آئی سی سی ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی بلے باز ریچل ہینز کو خواتین میں یہ اعزاز دیا گیا۔ وہ انگلینڈ کی اسپنر سوفی ایکلسٹن اور جنوبی افریقہ کی اوپنر لارا وولفارٹ کو پیچھے چھوڑنے میں پلیئر آف دی منتھ بنی ہیں۔

نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ میں ہینز کی کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا ساتویں مرتبہ عالمی چیمپیئن بنا۔

ٹورنامنٹ کے مارچ میں کھیلے گئے 8 میچز میں ہینز نے 61 سے زیادہ کے اوسط کے ساتھ 429 رنز بنائے تھے۔

ورلڈ کپ میں پہلے مقابلے میں روایتی حریف انگلینڈ کے خلاف 130 رنز کی اننگز ہینز کی سب سے نمایاں اننگز تھی۔