عمران ملک، اک نیا طوفان
انڈین پریمیئر لیگ 2022ء کے دلّی کیپٹلز کے خلاف ایک اہم مقابلے میں سن رائزرز حیدر آباد کو کامیابی تو نہیں مل سکی، لیکن ان کے باؤلر عمران ملک نے ایک ایسا کارنامہ ضرور انجام دیا ہے جو بھارت کے گیند بازوں کے لیے ہمیشہ خواب رہا ہے۔
عمران نے دلّی کے خلاف مقابلے کے آخری اوور میں ایک ایسی گیند پھینکی جس کی رفتار 156.9 کلومیٹرز فی گھنٹہ تھی یعنی 96.19 میل فی گھنٹہ۔ یہ آئی پی ایل 2022ء کی تیز ترین گیند تھی بلکہ لیگ کی تاریخ کی دوسری سب سے تیز گیند بھی۔
آئی پی ایل میں سب سے تیز گیند 2011ء میں آسٹریلیا کے شان ٹیٹ نے پھینکی تھی جس کی رفتار 157.71 کلومیٹرز فی گھنٹہ تھی۔ 22 سالہ عمران کی نظریں اب اسی ریکارڈ پر ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عمران کی اس گیند پر بلے باز روومین پاول نے چوکا بھی لگایا۔ ویسے بھی یہ دن عمران کے لیے بہت مایوس کن رہا۔ ان کے چار اوورز میں 52 رنز پڑے اور ایک وکٹ تک نہ ملی۔ تیز رفتاری نے الٹا انہیں نقصان پہنچایا، مثلاً ایک اوور میں ڈیوڈ وارنر نے انہیں 21 رنز بھی مارے لیکن اس کے باوجود اسپیڈ پر کوئی سودے بازی نہیں کی، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آخری اوور میں ان کی سب سے دھیمی گیند بھی 144.3 کلومیٹرز فی گھنٹے کی رفتار سے پھینکی گئی تھی۔ اس اوور کی باقی تمام گیندیں 153 کلومیٹرز فی گھنٹے کی رفتار سے زیادہ کی تھیں۔
ابھی کچھ دن پہلے ہی ہم نے شعیب اختر کی اُس تاریخی 161 کلومیٹرز فی گھنٹے کی گیند کا ذکر کیا تھا، جسے 19 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ کیا عمران ملک کے قدم اب اس جانب بڑھ رہے ہیں؟