ویسٹ انڈیز زوال کی انتہا پر، بنگلہ دیش کے ہاتھوں ایک اور سیریز شکست

0 827

ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میں چاہے بنگلہ دیش کا حال جتنا بھی بُرا رہا ہو، لیکن ون ڈے انٹرنیشنل میں بنگال کے شیروں کا مقابلہ کرنا ویسٹ انڈیز کے بس کی بات نہیں لگتی۔ گزشتہ چار سال سے ویسٹ انڈیز بنگلہ دیش سے ون ڈے سیریز ہار رہا ہے اور پروویڈنس، گیانا میں بھی یہی تاریخ دہرائی گئی۔ سیریز کے ایک اہم مقابلے میں جتنی اچھی کارکردگی کی توقع تھی، ویسٹ انڈین بلے بازوں نے اتنی ہی بھیانک پرفارمنس دی۔ صرف 108 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔ یعنی بنگلہ دیش کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر اپنے سب سے کم اسکور پر۔

بنگلہ دیش کا دورۂ ویسٹ انڈیز 2022ء - دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بنگلہ دیش

‏13 جولائی 2022ء

پروویڈنس اسٹیڈیم، گیانا

بنگلہ دیش 9 وکٹوں جیت گیا

ویسٹ انڈیز108
کیمو پال25*24
شے ہوپ1845
بنگلہ دیش باؤلنگامرو
مہدی حسن81294
نسوم احمد104193

بنگلہ دیش 🏆112-1
تمیم اقبال50*62
لٹن داس3227
ویسٹ انڈیز باؤلنگامرو
گداکیش موتی7.41391
الزاری جوزف3070

یہاں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کو میدان میں اترتے ہی اندازہ ہو گیا کہ آج بیٹنگ کے لیے ایک مشکل دن ہے اور اس کے گرد اسپن جال بُنا جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ اوپنرز وکٹ بچانے میں جتے رہے اور رنز بنانے کی طرف دھیان ہی نہیں دیا۔ شے ہوپ اور کائل میئرس نے 27 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے لیے 11 اوورز کھیل گئے۔

اپنے خول میں بند ہو جانے کا انجام یہ نکلا کہ بالآخر وکٹ گری اور پھر ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سب سے پہلے میئرس آؤٹ ہوئے، جنہوں نے 36 گیندوں پر صرف 17 رنز بنائے۔ پھر شیمار بروکس 13 گیندوں پر محض پانچ رنز بنا کر نسوم احمد کا پہلا شکار بنے، جو آج کے میچ کے ہیرو تھے۔

نسوم نے وہ اوور پھینکا، جو میچ میں ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ یہ اننگز کا اٹھارہواں اوور تھا جس میں انہوں نے شے ہوپ اور نکولس پورَن کو دو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کر کے تہلکہ مچا دیا۔

اس کے بعد آنے والے بلے بازوں میں صرف کیمو پال کے 25 رنز ہی قابل ذکر ہیں۔ روومین پال کے سوا تو کوئی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہو پایا۔ 35 واں اوور ویسٹ انڈین اننگز کے خاتمے کے ساتھ مکمل ہوا، وہ بھی صرف 108 رنز پر!

نسوم احمد نے تین قیمتی وکٹیں ضرور لیں، لیکن زیادہ وکٹیں مہدی حسن نے حاصل کیں۔ انہوں نے 29 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اب میچ اور ساتھ ہی سیریز جیتنے کے لیے بنگلہ دیش کے سامنے ایک آسان ہدف تھا۔ اوپنرز کی 12 اوورز میں 48 رنز کی شراکت داری نے اسے مزید آسان کر دیا۔ بنگلہ دیش 21 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہی ہدف تک پہنچ گیا۔ گرنے والی واحد وکٹ نجم الحسن کی تھی، جنہوں نے 20 رنز بنائے۔ کپتان تمیم اقبال نصف سنچری اور لٹن داس 27 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست میدان سے واپس آئے۔

یہ مسلسل دسواں ون ڈے انٹرنیشنل تھا، جس میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ دسمبر 2018ء میں ہوم سیریز کے فیصلہ کن میچ میں کامیابی کے بعد سے آج تک بنگلہ دیش ویسٹ انڈیز سے کوئی ون ڈے نہیں ہارا اور آج کی کامیابی کے ساتھ ان فتوحات کی تعداد 10 ہو چکی ہے۔

یہی نہیں جولائی 2018ء سے اب تک ہونے والی تمام چاروں ون ڈے سیریز بھی بنگلہ دیش ہی جیتا ہے۔ اُس سال ویسٹ انڈیز کے دورے میں اور پھر میزبانی کرتے ہوئے، بعد ازاں جنوری 2021ء میں ہوم سیریز میں ‏3-0 سے کلین سوئپ اور اب جاری سیریز، سب میں فتح بنگلہ دیش کی جھولی میں گری ہے۔

گزشتہ 10 سال میں بنگلہ دیش-ویسٹ انڈیز باہمی ون ڈے سیریز

بمقابلہمیچزفتوحاتشکستبتاریخ
بنگلہ دیش 🏆 ویسٹ انڈیز220جولائی 2022ء
بنگلہ دیش 🏆 ویسٹ انڈیز330جنوری 2021ء
بنگلہ دیش 🏆 ویسٹ انڈیز321دسمبر 2018ء
بنگلہ دیش 🏆 ویسٹ انڈیز321جولائی 2018ء
بنگلہ دیش 🏆 ویسٹ انڈیز303اگست 2014ء
بنگلہ دیش 🏆 ویسٹ انڈیز532نومبر 2012ء

ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ بنگلہ دیش کو کسی باہمی ون ڈے سیریز میں شکست 2014ء میں دی تھی۔ گزشتہ 10 سال میں ویسٹ انڈیز بنگلہ دیش کے خلاف صرف ایک مرتبہ 2014ء میں ہوم سیریز ہی جیت پایا ہے، باقی 'ہوم' ہو یا 'اوے' سیریز، شکست ویسٹ انڈیز کا مقدر ٹھیری ہے۔

بنگلہ دیش نے حال ہی میں سری لنکا، زمبابوے، افغانستان اور پھر جنوبی افریقہ کے خلاف جنوبی افریقہ میں تاریخی ون ڈے سیریز جیتی تھیں، یعنی یہ اس کی مسلسل پانچویں سیریز ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ ٹیبل

بمطابق 12 جولائی 2022ء

درجہملکمیچزجیتےہارےپوائنٹسنیٹ رن ریٹ
1 انگلینڈ18125125‎+1.219
2 بنگلہ دیش18126120‎+0.384
3 افغانستان12102100‎+0.563
4 پاکستان159690‎+0.095
5 نیوزی لینڈ88080‎+1.827
6 ویسٹ انڈیز2181380‎-0.823
7 بھارت128479‎+0.416
8 آسٹریلیا127570‎+0.496
9 آئرلینڈ2061268‎-0.399
10 سری لنکا1861162‎-0.031
11 جنوبی افریقہ134749‎-0.206
12 زمبابوے1531135‎-0.924
13 نیدرلینڈز1621325‎-1.240

بہرحال، سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے 16 جولائی کو پروویڈنس ہی میں کھیلا جائے گا۔ یہاں فیصلہ ہوگا کہ بنگلہ دیش کلین سوئپ کر پائے گا یا نہیں۔