عالمی درجہ بندی، بھارت پاکستان سے آگے نکل گیا

0 757

ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار کامیابی بھارت کو ایک مرتبہ پھر رینکنگ میں اوپر لے آئی ہے۔ 108 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بھارت پاکستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

عالمی درجہ بندی میں یہ پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ بھارت یہ سیریز جیتے، بلکہ اسے ڈرا کرنا بھی کافی ہوگا۔ یعنی خدشہ ہے کہ پاکستان ٹاپ تھری سے باہر ہو جائے گا۔

پاکستان نے پچھلے مہینے ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سویپ کر کے رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ لیکن بھارت کچھ ہی ہفتوں میں اس پوزیشن پر واپس آ چکا ہے۔

ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں نیوزی لینڈ 127 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ عالمی چیمپیئن انگلینڈ دوسرے نمبر پر ہے۔

ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ

بمطابق 13 جولائی 2022ء

شمارملکمقابلےپوائنٹسریٹنگ
1نیوزی لینڈ141776127
2انگلینڈ 232811122
3بھارت232325108
4پاکستان192005106
5آسٹریلیا232325101
6جنوبی افریقہ 19187299
7بنگلہ دیش 25239796
8سری لنکا 29265892
9ویسٹ انڈیز 33235171
10افغانستان18123869
11آئرلینڈ22117153
12اسکاٹ لینڈ1988647

ویسے بھارت کے پاس صرف یہ سیریز نہیں، بلکہ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچز بھی ہیں یعنی پاکستان پر اپنی برتری بڑھانے کے بہت سے مواقع اسے ملیں گے۔ ہاں! اگر وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے باقی دونوں میچز ہار گیا تو دوبارہ چوتھے نمبر پر چلا جائے گا اور پاکستان ایک مرتبہ پھر تیسرے نمبر پر ہوگا۔

انفرادی سطح پر دیکھیں تو پہلے ون ڈے میں شاندار کارکردگی بھارت کے جسپریت بمراہ کو دنیا کا نمبر ایک ون ڈے باؤلر بنا گئی ہے۔

بمراہ نے اوول کے میدان پر کیریئر کی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 19 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے اسپیل میں انہوں نے جیسن روئے، جو روٹ، لیام لوِنگسٹن اور جوس بٹلر جیسی قیمتیں وکٹیں حاصل کیں اور آخر میں دو مزید کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ انگلینڈ کے خلاف کسی بھی بھارتی باؤلر کی بہترین باؤلنگ کا نیا ریکارڈ بھی ہے۔

خیر، ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ میں ٹرینٹ بولٹ دوسرے اور شاہین آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں ۔