بین اسٹوکس کو الوداع، شکست کے ساتھ

0 692

جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے، یوں  بین اسٹوکس کا الوداعی مقابلہ یادگار نہ بن سکا۔

چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے اس مقابلے کی خاص بات تھی دن بھر پڑنے والی گرمی، جس نے کھلاڑیوں کا بھرپور امتحان لیا۔ میزبان تو اس صورت حال سے پریشان نظر آئے لیکن مہمان مقابلے پر چھائے رہے اور 62 رنز کی نمایاں کامیابی حاصل کی۔ خاص طور پر رسی وان ڈیر ڈوسن نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور کیریئر بیسٹ 134 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کا دورۂ انگلینڈ 2022ء - پہلا ون ڈے انٹرنیشنل

انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ

‏19 جولائی 2022ء

ریور سائیڈ گراؤنڈ، چیسٹر-لی-اسٹریٹ، برطانیہ

جنوبی افریقہ 62 رنز سے جیت گیا

جنوبی افریقہ 333-5
رسی وان ڈیر ڈوسن134117
آئیڈن مارکرم7761
انگلینڈ باؤلنگامرو
لیام لوِنگسٹن40302
برائیڈن کارس90461

انگلینڈ 271
جو روٹ 8677
جونی بیئرسٹو6371
جنوبی افریقہ باؤلنگامرو
انریک نورتیے8.50534
تبریز شمسی90532

ٹاس جنوبی افریقہ نے جیتا اور پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ وان ڈیر ڈوسن کی سنچری کے علاوہ آئیڈن مارکرم اور یانیمن ملان کی عمد بلے بازی نے جنوبی افریقہ کو ایک بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ مارکرم 77 اور ملان 57 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ڈوسن نے پہلے ملان کے ساتھ 109 اور پھر مارکرم کے ساتھ 151 رنز کی شراکت داریاں کیں۔ مارکرم اور ڈوسن کے آؤٹ ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقہ آخری اوورز کا اُس طرح فائدہ نہ اٹھا سکا اور چار اوورز میں صرف 36 رنز ہی کا اضافہ ہوا۔ لیکن 333 رنز بھی انگلینڈ کے لیے کافی ثابت ہوئے۔

ہدف کے تعاقب میں آغاز انگلینڈ کا بھی اچھا تھا۔ جونی بیئرسٹو کو 18 رنز پر نئی زندگی  ملی، جنہوں نے ساتھی اوپنر جیسن روئے کے ساتھ مل کر 19 اوورز میں 102 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ لیکن 28 ویں اوور کی آخری گیند پر بین اسٹوکس کا آؤٹ ہونا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

اسٹوکس اپنے آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں بالکل متاثر نہ کر سکے۔ 11 گیندوں پر پانچ رنز بنائے اور اس کے بعد میچ انگلینڈ کے ہاتھوں سے نکلتا چلا گیا۔  کہاں ٹاپ آرڈر میں روئے کے 43، بیئرسٹو کے 63 اور پھر جو روٹ کے 86 رنز اور کہاں یہ عالم کہ آخری سات بلے بازوں میں سے کوئی بھی 20 رنز تک بھی نہیں پہنچ پایا؟  پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 271 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

انریک نورتیے نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو، دو کھلاڑیوں کو تبریز شمسی اور آئیڈن مارکرم نے آؤٹ کیا۔

مین آف دی میچ وان ڈیر ڈوسن کے سوا کون ہو سکتا تھا؟ جن کی شاندار سنچری نے فتح کی بنیاد رکھی۔

اب دونوں ٹیمیں جمعے کو مانچسٹر میں مدِ مقابل ہوں گی جس کے بعد 24 جولائی کو سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے کھیلا جائے گا۔ بعد ازاں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ٹیسٹ میچز بھی ہوں گے جن کے درمیان جنوبی افریقہ آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلنے گا۔