سکندر رضا چھا گئے، زمبابوے کا دھماکے دار آغاز

0 1,000

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تاریخی کامیابی کے بعد زمبابوے نے ون ڈے کا آغاز بھی دھماکے دار انداز میں کیا ہے۔ سیریز کے پہلے ہی میں سکندر رضا اور انوسینٹ کائیا کی شاندار سنچریوں نے 304 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔ یوں زمبابوے نے صرف سیریز میں ‏1-0 کی برتری ہی نہیں لی بلکہ بنگلہ دیش سے پے در پے 19 ون ڈے انٹرنیشنلز ہارنے کا سلسلہ بھی ختم کر دیا۔

بنگلہ دیش کا دورۂ زمبابوے 2022ء - پہلا ون ڈے انٹرنیشنل

زمبابوے بمقابلہ بنگلہ دیش

‏5 اگست 2022ء

ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے، زمبابوے

زمبابوے 5 وکٹوں سے جیت گیا

بنگلہ دیش303-2
لٹن داس8189
انعام الحق7362
زمبابوے باؤلنگامرو
سکندر رضا90481
وکٹر نیاؤچی91651

زمبابوے 🏆307-5
سکندر رضا135*109
انوسینٹ کائیا110122
بنگلہ دیش باؤلنگامرو
شریف الاسلام8.40571
مستفیض الرحمٰن90571

یہ سکندر رضا اور انوسینٹ کائیا کی چوتھی وکٹ پر 192 رنز کی شراکت داری تھی جس نے کپتان کریگ اروین اور شان ولیمز سے محروم بیٹنگ لائن اپ کو نئی زندگی دی۔ وہ بھی اس وقت جب صرف چھ رنز پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہو چکے تھے اور 304 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کا سامنا تھا۔

یہاں انوسینٹ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی اور 122 گیندوں پر 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مین اِن فارم سکندر رضا دوسرے اینڈ سے آخر تک ڈٹے رہے۔ انہوں نے 109 گیندوں پر 135 رنز بنا کر فاتحانہ میدان سے واپس آئے۔ ان کی اننگز میں چھ چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔ زمبابوے نے 49 ویں اوور میں سکندر رضا ہی کے چھکے کے ساتھ میچ کا خاتمہ کیا۔

یوں بنگلہ دیش کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی تمام تر محنت اکارت گئی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمیم اقبال، لٹن داس، انعام الحق اور مشفق الرحیم، سب نے نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ لٹن داس 81 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور ایک ماہ کے لیے کرکٹ سے باہر ہور گئے۔ انعام نے 73، تمیم نے 62 اور مشفق نے ناٹ آؤٹ 52 رنز اسکور کیے۔ تمیم اقبال نے 8 ہزار ون ڈے رنز کا سنگِ میل بھی عبور کیا لیکن شکست نے سارا مزا کرکرا کر دیا۔

بنگلہ دیش تو صرف دو وکٹوں پر 303 رنز بنانے کے بعد مطمئن تھا، لیکن اسے اندازہ نہیں تھا کہ وہ ون ڈے کرکٹ تاریخ کی صرف چوتھی ٹیم بن جائے گا، جو صرف دو وکٹیں گنوانے کے باوجود میچ ہار جائے گی۔ انہوں نے تو زمبابوین اوپنرز کو جلد آؤٹ ٹھکانے لگا دیا تھا لیکن لیکن سکندر اور انوسینٹ نے اُن کے تمام تر ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔

ویسے کسی حد تک قسمت بھی سکندر اور انوسینٹ کے ساتھ رہی۔ 43 رنز پر تیج الاسلام نے سکندر رضا کا ایک آسان کیچ چھوڑا جبکہ کائیا کو دو مرتبہ 68 اور 74 رنز پر زندگی ملی، جب ان کے کیچز بھی چھوٹے۔ البتہ یہ دونوں کا کمال تھا کہ انہوں نے ملنے والے مواقع کا پورا پورا فائدہ اٹھایا۔

یہ صرف چوتھا موقع تھا کہ زمبابوے نے کسی ون ڈے میں 300 سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا۔

اب دونوں ٹیمیں اتوار کو ہرارے ہی میں دوسرا ون ڈے کھیلیں گی، جہاں بنگلہ دیش کو واپس آنے کا موقع ملے گا۔