شان کی شایانِ شان کارکردگی، ایک اور ڈبل سنچری

0 963

کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بھرپور کارکردگی کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ ایک طرف شاہین آفریدی ہیں جنہوں نے ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز مارنس لبوشین کو آؤٹ کیا ہے تو دوسری جانب حسن علی ہیں، جنہوں نے اپنے پہلے مقابلے کی پہلی ہی اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کر کے اپنی کاؤنٹی لنکاشائر کو بالادست مقام پر پہنچایا ہے۔ لیکن جس کھلاڑی کی کارکردگی ناقابلِ یقین ہے، وہ اوپنر شان مسعود ہیں۔

سسیکس کے خلاف جاری مقابلے میں انہوں نے پہلی اننگز میں 239 رنز کی باری کھیل ڈالی ہے۔ یہ چیمپیئن شپ میں ان کی مسلسل دوسری ڈبل سنچری ہے۔

پچھلے میچ میں انہوں نے لیسٹرشائر کے خلاف بھی ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔ یوں وہ ڈربی شائر کی تاریخ میں مسلسل دو میچز میں ڈبل سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ 89 سال بعد پہلے ایشیائی بلے باز بھی بنے ہیں جنہوں نے کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں یکے بعد دیگرے ڈبل سنچریاں داغی ہوں۔ آخری بار یہ کارنامہ 1933ء میں ہندوستان کے افتخار علی خان پٹودی نے انجام دیا تھا۔

بہرحال، 32 سالہ شان کی یہ تازہ ترین اننگز 268 گیندوں پر 26 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 219 رنز پر مشتمل تھی۔ اس سے پہلے وہ سیزن میں 91، 62 اور 239 کی اننگز بھی کھیل چکے تھے یعنی صرف چار اننگز میں وہ 608 رنز اسکور کر چکے ہیں۔

شان کی اس اننگز کی بدولت ڈربی شائر صرف چار وکٹوں پر 437 رنز بنا چکا ہے اور اسے لیسٹرشائر کے 213 رنز کے جواب میں 224 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔