شاہین لبوشین کے پیچھے ہی پڑ گئے، ایک مرتبہ پھر آؤٹ کر دیا

0 934

اور شاہین آفریدی نے ایک مرتبہ پھر مارنس لبوشین کو آؤٹ کر دیا ہے۔

کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں گلیمورگن کے خلاف جاری چار روزہ مقابلے کی دوسری اننگز میں بھی لبوشین کی وکٹ مڈل سیکس کے شاہین نے ہی حاصل کی۔

لبوشین پہلی اننگز میں وہ صرف 8 رنز بنا کر شاہین کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں 23 رنز تک پہنچے اور اس بار شاہین نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

گلیمورگن اس وقت کافی بُرے حال میں ہے۔ پہلی اننگز میں صرف 122 رنز پر آل آؤٹ ہو جانے کے بعد وہ دوسری اننگز میں بھی صرف 104 رنز پر چھ وکٹوں سے محروم ہو چکا ہے۔

مڈل سیکس نے اپنی پہلی اننگز میں 336 رنز بنائے تھے یعنی گلیمورگن اب بھی اس سے 110 رنز پیچھے ہے اور اس کی صرف چار وکٹیں باقی ہیں۔

بہرحال، شاہین اور لبوشین فرسٹ کلاس کرکٹ میں سات مرتبہ مدِ مقابل آئے ہیں اور پانچ بار وکٹ شاہین کو ملی ہے۔

دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بیٹسمین مارنس لبوشین نے پہلی بار 2019ء میں شاہین آفریدی کا سامنا کیا تھا۔ یہ آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کاپہلا ٹیسٹ تھا جس میں آسٹریلیا نے واحد اننگز میں 580 رنز بنائے تھے اور لبوشین کا حصہ 185 رنز کا تھا۔ اس شاندار اننگز کے بعد وہ ڈبل سنچری سے پہلے کس باؤلر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے؟ آپ بالکل درست سمجھے ہیں، شاہین آفریدی!

آسٹریلیا دوسرا ٹیسٹ بھی اننگز سے جیتا، یہاں واحد اننگز میں لبوشین نے 162 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے ایک مرتبہ پھر شاہین آفریدی کے ہاتھوں۔

پچھلے مہینے یعنی مارچ 2022ء میں یہ سلسلہ ایک مرتبہ پھر وہیں سے جڑ گیا، جہاں سے ٹوٹا تھا۔ آسٹریلیا کے تاریخی دورۂ پاکستان کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 476 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز 459 رنز پر تمام ہوئی تھی، جس میں لبوشین کے 90 رنز بھی شامل تھے۔ وہ سنچری سے پہلے ہی اپنی وکٹ کسے دے گئے؟ جی ہاں! شاہین کو۔

دوسرے ٹیسٹ میں کراچی میں تاریخی مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں پہلی اننگز میں لبوشین صفر پر رن آؤٹ ہوئے تھے۔ چلیں، شاہین کو تو وکٹ نہیں دی نا؟ البتہ دوسری اننگز میں وہ 44 رنز پر آؤٹ ہوئے اور کلین بولڈ ہوئے شاہین آفریدی کے ہاتھوں۔

یہی سلسلہ تیسرے ٹیسٹ میں بھی نظر آیا جہاں لبوشین صفر پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے گئے ، شاہین آفریدی کی گیند پر۔ البتہ آخری اننگز میں وہ 36 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ یعنی عرصے بعد انہوں نے اپنی وکٹ شاہین کو نہیں دی۔

لیکن کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں مقابل آنے کے بعد دونوں اننگز میں شاہین نے وکٹ لے کر ثابت کر دیا ہے کہ لبوشین ان کے 'bunny' ہیں۔