بھارت، ایک سال میں آٹھواں کپتان

0 563

بھارت نے گزشتہ سال انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔ ابتدائی چار ٹیسٹ میں ‏2-1 کی برتری کے ساتھ ناقابلِ شکست مقام بھی حاصل کر لیا لیکن کووڈ-19 پھوٹ پڑا اور آخری و فیصلہ کن ٹیسٹ ملتوی ہو گیا۔

تقریباً 10 ماہ بعد اب پٹودی ٹرافی کا آخری ٹیسٹ ایجبسٹن، برمنگھم میں شروع ہو چکا ہے۔ لیکن اس دوران پُلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا ہے۔ انگلینڈ کا تو حال حلیہ ہی بدل چکا ہے۔ نیا کوچ، نیا کپتان، نئے کھلاڑی بلکہ رنگ روپ ہی الگ ہے۔ کہاں 20 میں سے 14 میچز ہارنے والی ٹیم اور کہاں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن نیوزی لینڈ کو کلین سوئپ کرنے والا یہ اسکواڈ۔ جبکہ بھارت کا حال یہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک سال میں آٹھواں کپتان آزما رہا ہے۔

روہت شرما کے کووِڈ-19 کے شکار ہونے کی وجہ سے ایجبسٹن میں بھارت کی قیادت جسپریت بمراہ کر رہے ہیں۔ یوں وہ گزشتہ ایک سال میں بھارت کے آٹھویں کپتان بن چکے ہیں۔ پچھلے سال جولائی سے اب تک بھارت انٹرنیشنل کرکٹ میں شیکھر دھاون، ویراٹ کوہلی، روہت شرما، اجنکیا رہانے، کے ایل راہُل، رشبھ پنت، ہاردِک پانڈیا اور اب بمراہ سے کپتانی کروا چکا ہے۔

وجوہات جو بھی ہوں، بس اتنی جلدی کپتان بدلنے سے پرانے پاکستان کی یادیں تازہ ہو گئی ہیں۔

خیر، یہ بمراہ کا انٹرنیشنل کرکٹ میں بحیثیتِ کپتان پہلا میچ ہے۔ یہ 35 سال بعد پہلا موقع ہوگا کہ کوئی فاسٹ باؤلر بھارت کی قیادت کرے گا۔ آخری بار 1987ء میں کپل دیو نے کسی ٹیسٹ میں کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے۔

انگلینڈ کے لیے یہ ٹیسٹ جیتنا بہت ضروری ہے۔ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی سے حوصلہ پاتے ہوئے ایسا کرنے کی کوشش ضرور کرے گا، لیکن سامنے بھارت ہے، اس لیے مشکل تو ہے لیکن مقابلہ دلچسپ ہوگا۔

بھارت کا دورۂ انگلینڈ ‏2021-22ء

نتیجہمارجنبمقابلہبمقامبتاریخ
پہلا ٹیسٹبے نتیجہ- انگلینڈناٹنگھم‏4 تا 8 اگست 2021ء
دوسرا ٹیسٹجیت151 رنز انگلینڈلارڈز‏12 تا 16 اگست 2021ء
تیسرا ٹیسٹشکستاننگز اور 76 رنز انگلینڈلیڈز‏25 تا 28 اگست 2021ء
چوتھا ٹیسٹجیت157 رنز انگلینڈاوول‏2 تا 6 ستمبر 2021ء