آئرلینڈ کے خواب چکنا چور؛ اولین ٹیسٹ میں پاکستان سے شکست

0 1,347

پاکستان نے آئرلینڈ کو تاریخی ٹیسٹ میچ 5 وکٹوں سے شکست دے دی اور میزبان ٹیم کا ڈیبیو ٹیسٹ جیت کر تاریخ رقم کرنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ اس اہم کامیابی کا سہرا ڈیبیو میچ کھیلنے والے نوجوان امام الحق اور بابر اعظم کی جوڑی کے سر جاتا ہے جنہوں نے ہدف کے تعاقب میں شدید دباؤ کے باوجود بالترتیب 74 اور 59 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

ڈبلن میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ کے آخری دن آئر لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 118 رنز کی ریکارڈ اننگز کھیلنے والے کیون اوبرائن مزید کسی رنز کا اضافہ کئے محمد عباس کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد محمد عباس کو بقیہ بلے بازوں کو ٹھکانے لگانے میں زیادہ دیر نہ لگی۔ بوائڈ رینکن 6 رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ ہو گئے جبکہ ٹائرون کین کی 96 گیندون پر صرف 14 رنز پر مشتمل تھکا دینے والی اننگز کا خاتمہ ہوا۔ اس طرح آئر لینڈ کی پوری ٹیم 339 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو فتح کیلیے 160 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان 1 وکٹ کمائی۔ محمد عامر نے بھی 3 آئرش کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کی۔

امام الحق

160 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے حسب روایت شدید اذیت سے دوچار کر دیا کہ صرف 14 رنز کے مجموعے پر اظہر علی، اسدشفیق اور حارث سہیل جیسے تجربہ کار بلے باز دغا دے گئے۔ اس لمحے پر مہمان ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہوگئی مگر نوجوان امام الحق اور بابر اعظم نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے نہایت عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے لئے فتح کو یقینی بنا دیا۔ دونوں نے اپنی قیمتی نصف سنچریاں مکمل کیں تاہم بابر اعظم آخری لمحات میں 59 رنز پر اپنی وکٹ غیر ضروری رنز لینے کی پاداش میں گنوا بیٹھے۔ اس کے بعد کپتان سرفراز خود میدان میں اترے تب ٹیم کو جیت کے لئے صرف 20 رنز درکار تھے مگر وہ بھی 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔ آخر میں شاداب خان نے امام الحق کا ساتھ دیا اور بقیہ معرکہ سر کر دیکھایا، امام الحق 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یاد رہے اس میچ کا پہلا دن بارش کی نظر ہو گیا تھا جب دوسرے دن کھیل کا آغاز مہمان ٹیم نے کیا تو ابتدائی بلے باز بری طرح ناکام رہے۔ بعدازں شاداب خان اور فہیم اشرف کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان 310 رنز تک پہنچ گیا جہاں سرفراز نے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ اس کے بعد پاکستانی گیندبازوں کی شاندار باولنگ کے باعث میزبان ٹیم صرف 130 رنز پر ہی ڈھیر ہو کر فالوآن کا شکار ہو گئی تھی۔ بہرحال میچ میں دو کھلاڑیوں کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی، پاکستانی گیندباز محمد عباس نے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آئرلینڈ کی طرف سے کیون او برائن نے ڈیبیو سنچری جڑی اور مرد میدان قرار پائے۔