ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ، پاکستان ٹاپ تھری میں

0 807

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں تاریخی کامیابی نے پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل تک پہنچنے کے امکانات زندہ کر دیے ہیں۔ اس غیر معمولی فتح کی بدولت پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

ٹیبل دیکھیں تو آپ کو پاکستان 58.33 کے جیت کے تناسب کے ساتھ تیسرے نمبر پر نظر آ رہا ہے جبکہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا اس سے آگے ہیں۔

شمارمیچزفتوحاتشکستیںبے نتیجہپوائنٹستناسب
1 جنوبی افریقہ75206071.43
2 آسٹریلیا106138470.00
3 پاکستان84225658.33
4 بھارت126427552.08
5 ویسٹ انڈیز94325450.00
6 سری لنکا94415248.18
7 انگلینڈ165746433.33
8 نیوزی لینڈ92612825.93
9 بنگلہ دیش101811613.33

سری لنکا، جو آسٹریلیا کو آخری ٹیسٹ میں شکست دے کر نمبر تین پر آ گیا تھا، ایک مرتبہ پھر چھٹے نمبر پر چلا گیا ہے۔ اس کے تین درجے گرنے سے بھارت اور ویسٹ انڈیز کو ایک، ایک درجہ ترقی ملی ہے۔

اب پاکستان اور سری لنکا نے گال کے اسی میدان پر دوسرا اور آخری ٹیسٹ بھی کھیلنا ہے۔ کامیابی کی صورت میں تیسری پوزیشن پر پاکستان کے قدم اور مضبوط ہو جائیں گے۔ اس کے بعد پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر پانچ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، تین انگلینڈ اور دو نیوزی لینڈ کے خلاف۔ جہاں تین میچز میں کامیابی اور دو کے ڈرا ہونے سے پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں ٹاپ 2 میں آ سکتا ہے اور یوں فائنل تک پہنچنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔

اگر پاکستان نے اگلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کھائی تو پانچویں نمبر پر چلا جائے گا اور پھر اسے ہوم سیزن میں چار ٹیسٹ میچز جیتنا پڑیں گے۔

یعنی ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کے پاس اِس وقت بھی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ سری لنکا میں اور بعد ازاں ہوم گراؤنڈ پر کسی بھی مقابلے میں شکست اس کے فائنل تک پہنچنے کے امکانات کو ختم کر سکتی ہے۔ راستہ صرف ایک ہے، اور وہ جیت کا۔ شکست کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

دوسری جانب اگر سری لنکا کو دیکھیں تو دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی اسے اپنی کھوئی ہوئی تیسری پوزیشن تو واپس دلا سکتی ہے لیکن اس کے بعد اس کے صرف دو ٹیسٹ میچز بچیں گے۔ مارچ 2023ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے ساتھ ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنلسٹ طے ہو جائیں گے۔ اگر سری لنکا یہاں جیت بھی گیا تو اسے دیگر ٹیموں کے نتائج کا انتظار کرنا پڑے گا، تبھی فیصلہ ہوگا کہ فائنل کون کھیلے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن نیوزی لینڈ ہے، جس نے جون 2021ء میں بھارت کو شکست دے کر فائنل جیتا تھا۔ اس مرتبہ نیوزی لینڈ کے فائنل تک پہنچنے کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پھر بھی آگے آگے دیکھیے، ہوتا ہے کیا؟