اینجلو میتھیوز، 100 واں ٹیسٹ کھیلنے والے چھٹے سری لنکن
سری لنکا کے آل راؤنڈر اور سابق کپتان اینجلو میتھیوز گال میں اپنا 100 واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ جو ہر انٹرنیشنل پلیئر کا ایسا خواب ہوتا ہے، جو اس نے خواب میں بھی نہیں دیکھا ہوتا۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً 150 سالہ تاریخ میں میتھیوز سے قبل 70 ایسے کھلاڑی گزر چکے ہیں جنہوں نے 100 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ کھیلے۔ البتہ سری لنکا کے صرف پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے 100 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔
سری لنکا کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کا اعزاز مہیلا جے وردنے کو حاصل ہے۔ انہوں نے 1997ء سے 2014ء تک 17 سالہ کیریئر میں کُل 149 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ پھر اُن کے ہم عصر کمار سنگاکارا ہیں، جنہوں نے 2000ء سے 2015ء کے دوران 134 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کی۔
کرکٹ تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے مرلی دھرن نے 132 ٹیسٹ میچز میں اپنی باؤلنگ کا جادو جگایا۔ 100 سے زیادہ میچز کھیلنے والے دیگر لنکن کھلاڑیوں میں فاسٹ باؤلر چمندا واس اور عظیم آل راؤنڈر سنتھ جے سوریا بھی شامل ہیں۔
سری لنکا کے لیے سب سے زيادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑی
میچز | رنز | بہترین اننگز | سنچریاں | وکٹیں | بہترین باؤلنگ | کیچز | |
---|---|---|---|---|---|---|---|
مہیلا جے وردنے | 149 | 11814 | 374 | 34 | 6 | 2-32 | 205 |
کمار سنگاکارا | 134 | 12400 | 319 | 38 | 0 | - | 182 |
مرلی دھرن | 132 | 1259 | 67 | 0 | 795 | 9-51 | 70 |
چمندا واس | 111 | 3089 | 100* | 1 | 355 | 7-71 | 31 |
سنتھ جے سوریا | 110 | 6973 | 340 | 14 | 98 | 5-34 | 78 |
اینجلو میتھیوز | 100* | 6876 | 200* | 13 | 33 | 4-44 | 70 |
ارونڈا ڈی سلوا | 93 | 6361 | 267 | 20 | 29 | 3-30 | 43 |
رنگانا ہیراتھ | 93 | 1699 | 80* | 0 | 433 | 9-127 | 24 |
ارجنا راناتنگا | 93 | 5105 | 135* | 4 | 16 | 2-17 | 47 |
مارون اتاپتو | 90 | 5502 | 249 | 16 | 1 | 1-9 | 58 |
ویسے پاکستان کے خلاف اس سیریز سے پہلے میتھیوز بہترین فارم میں تھے۔ دورۂ بنگلہ دیش میں ٹیسٹ میچز میں 199 اور 145 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے کے بعد یہیں گال میں آسٹریلیا کے خلاف سری لنکا کی یادگار فتح میں انہوں نے 59 رنز کا حصہ ڈالا تھا۔ لیکن پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اُن کی ایک نہ چلی۔ وہ گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صفر اور دوسری میں محض 9 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اب دیکھتے ہیں کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں کیا کر پاتے ہیں۔
اینجلو میتھیوز کے کیریئر پر ایک نظر
فارمیٹ | میچز | رنز | بہترین اننگز | سنچریاں | وکٹیں | بہترین باؤلنگ | کیچز |
---|---|---|---|---|---|---|---|
ٹیسٹ | 99 | 6876 | 200* | 13 | 33 | 4-44 | 70 |
ون ڈے انٹرنیشنل | 218 | 5835 | 139* | 3 | 120 | 6-20 | 53 |
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل | 78 | 1148 | 81* | 0 | 38 | 6-20 | 24 |
فرسٹ کلاس | 142 | 9958 | 270 | 23 | 63 | 5-47 | 103 |
لسٹ اے | 279 | 7199 | 139* | 4 | 151 | 6-20 | 81 |
ٹی ٹوئنٹی | 173 | 2788 | 81* | 0 | 85 | 4-19 | 60 |